کووڈ-19سے مل کر لڑیں گے جی-20ممالک

0
15

نئی دہلی:جی -20ملکوں کے وزرائے زراعت نے کورونا وائرس کی وبا کے خطرے کے پس منظر میں خوراک کے ضیاع اور نقصان سے بچنے کے لئے ، بین الاقوامی سطح پر تعاون کرنے اور سرحدوں کے پار بھی خوراک کی فراہمی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کا عزم کیا ہے۔جی 20 ممالک نے خوراک کی حفاظت اور تغذیہ کے لئے مل کر کام کرنے ، سیکھنے کے بہترین طریقوں اور تجربات کا اشتراک کرنے ، اور تحقیق ، سرمایہ کاری ، ایجادات اور اصلاحات کو فروغ دینے کا عزم کیا جو زراعت اور خوراک کے نظام کی پائیداری اور لچک کو بہتر بنائے گے۔
جی 20 ممالک کی منگل کو ہوئی غیر معمولی میٹنگ میں اس وبا پر کنٹرول کےلئے سخت سکیورٹی اور صاف صفائی کے اقدامات پر سائنس پر مبنی بین الاقوامی ہدایات تیار کرنے پر اتفاق کا اظہارکیاگیا۔
کووڈ-19 سے نمٹنے کےلئے جی 20 ملکوں کے وزرائے زراعت کی ہوئی اس غیر معمولی میٹنگ میں فوڈ سکیورٹی ،تحفظ اور تغذیہ پر اس وبا کے اثر کے سلسلے میں تبادلہ خیال کیاگیا۔میٹنگ کے دوران کھانے کا ضیاع اور نقصان سے بچنے کےلئے بین الاقوامی تعاون کا عہد کیاگیا۔ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ منعقدہ اس میٹنگ میں ، مرکزی وزیر برائے زراعت اور کسان بہبود ، دیہی ترقی اور پنچایت راج ، نریندر سنگھ تومر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اس بحران سے نمٹنے کے لئے اتحادی ممالک میں سب سے آگے ہیں اور ملک کے شہریوں کی ضروریات کے مطابق وزارت زراعت بھی کسی سے پیچھے نہیں ہے۔
مسٹر تومر نے تمام ممالک سے اپیل کی کہ وہ عالمی وبا کے خلاف یکجہتی کے ساتھ لڑیں۔ سعودی عرب کے وزیر برائے ماحولیات ، پانی و زراعت ، عبد الرحمن الفاضلی کی زیر صدارت ہونے والی اس میٹنگ میں بنیادی طور پر کوویڈ۔19 کے مسئلے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس میں جی 20 کے تمام ممبران ، کچھ مہمان ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
انہوں نےسعودی عرب کے ذریعہ جی -20 ممالک کو، کاشتکاروں کی روزی روٹی سمیت خوراک کی فراہمی کے تسلسل کو یقینی بنانے کے طریقوں پر غور کرنے کے لئے ایک ساتھ لانے کی پہل کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے معاشرتی اصلاحات ، صحت اور صفائی ستھرائی کے پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے،لاک ڈاؤن کے دوران تمام زرعی کاموں سے مستثنیٰ اور ضروری زرعی پیداوار اور اشیائے خوردونوش کی فراہمی کے تسلسل کو یقینی بنانے کےلئے حکومت ہند کے فیصلوں کا اشتراک کیا۔انہوں نے کورونا وائرس وبا کے خلاف مشترکہ لڑائی میں ہندوستانی عوام کی جانب سے یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے تمام شرکا کو مبارکباد پیش کی۔ اس خاص مسئلے کو حل کرنے کے لئے جی -20 وزرائے زراعت کا یہ غیر معمولی اجلاس بلانے پر سعودی عرب کا خصوصی اظہار تشکر بھی کیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here