حجاب تنازعہ: کیس لارجر بنچ کو بھیجا گیا

0
2

بنگلورو: کرناٹک ہائی کورٹ نے بدھ کو کالجوں میں طالبات کو حجاب پہننے کی اجازت دینے کے معاملے میں کوئی عبوری حکم دینے سے انکار کر دیا اور اس معاملے کو بڑی بنچ کے پاس بھیج دیا۔
جسٹس کرشنا دکشت کی سنگل بنچ نے سماعت کے بعد کہا کہ بڑی بنچ اس معاملے میں عبوری راحت پر بھی غور کرے گی۔
جسٹس دکشت نے کہاکہ “عدالت کا خیال ہے کہ سماعت میں زیر بحث اہم سوالات سے متعلق کاغذات چیف جسٹس کے سامنے رکھے جا سکتے ہیں تاکہ یہ فیصلہ کیا جا سکے کہ آیا اس معاملے میں بڑا بنچ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔”
بنچ نے کہا کہ اس معاملے میں عبوری راحت پر ایک بڑی بنچ کے ذریعہ غور کیا جائے گا جسے چیف جسٹس اپنی صوابدید پر تشکیل دے سکتے ہیں۔جسٹس دکشت نے ان حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے رجسٹری کو حکم دیا کہ وہ اس معاملے میں کاغذات چیف جسٹس کے سامنے فوری غور کے لیے پیش کرے۔
انہوں نے بتایا کہ چیف جسٹس کی جانب سے لارجر بنچ سے متعلق فیصلہ آنے کے بعد درخواست گزاروں کے لیے عبوری ریلیف حاصل کرنے کا راستہ کھل جائے گا۔
جسٹس دکشت نے کہا کہ چیف جسٹس کے معاملے کو بڑی بنچ کو بھیجنے کا فیصلہ کرنے کے بعد درخواست گزاروں کو عبوری راحت حاصل کرنے کی آزادی ہوگی۔
ایڈوکیٹ جنرل پربھولنگ نوادگی نے عبوری ریلیف کی مخالفت کرتے ہوئے دلیل دی کہ اس مرحلے پر عبوری ریلیف دینا عرضی کی اجازت دینے کے مترادف ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ درخواستوں کو صحیح طریقے سے نہیں سمجھا گیا ہے اور ریاست ڈریس کوڈ پر فیصلہ نہیں لیتی ہے۔
انہوں نے دلیل دی کہ ”درخواستوں میں حکومت کے حکم پر سوال اٹھایا گیا ہے۔ میں اپنے جاننے والے دوست (سینئر ایڈوکیٹ دیودت کامت) کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہر ادارے کو خود مختاری دی گئی ہے اور ڈریس کوڈ کے معاملات میں ریاست کا کوئی عمل دخل نہیں ہے۔ ‘‘
مسٹر نوادگی نے یہ بھی دلیل دی کہ حجاب مذہبی عمل کا لازمی حصہ نہیں ہے۔ تاہم کیرالہ ہائی کورٹ نے حجاب پہننے کے حق کو برقرار رکھا۔ یہ واضح ہے کہ اس پر مختلف آراء ہو سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کیا حجاب پہننا ایک ضروری مذہبی عمل ہے؟ یہ ایک بڑا مسئلہ بن گیا ہے اور ہر کوئی فیصلے کے لیے عدالت کی طرف دیکھ رہا ہے۔‘‘سینئر ایڈوکیٹ سنجے ہیگڑے نے عرضی گزاروں میں سے ایک کی طرف سے پیش ہوکر بنچ سے طلباء کو عبوری راحت دینے کی اپیل کی، جبکہ معاملہ بڑی بنچ کو بھیج دیا گیا ہے۔ انہوں نے دلیل دی کہ تعلیمی سال کے صرف دو ماہ باقی ہیں۔ اس لیے درخواست گزاروں کو کلاسز میں شرکت سے محروم کرنا ان کے مفاد میں نہیں ہوگا۔
انہوں نے اپیل کی کہ ایسا راستہ تلاش کرنے کی ضرورت ہے کہ کوئی بچی تعلیم سے محروم نہ رہے۔ آج سب سے اہم چیز امن ہے۔
کالج ڈیولپمنٹ کمیٹی کے وکیل سینئر ایڈوکیٹ ساجن پوویا نے فریقین کو سننے کے بعد عدالت سے اپنا فیصلہ سنانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں عدالت کے سامنے سوال یہ ہے کہ کیا حجاب پہننا اسلام کے لازمی مذہبی عمل کا حصہ ہے اور کیا ایسے معاملات میں ریاستی مداخلت ضروری ہے؟
قبل ازیں منگل کو درخواست گزاروں کے ایک وکیل دیودت کامت نے کہا تھا کہ حجاب پہننا اسلامی مذہب کا ایک لازمی حصہ ہے اور یہ آرٹیکل 19(1)(اے) کے تحت اظہار رائے کے حق کے تحت محفوظ ہے اور اسے صرف آرٹیکل 19(6) کی بنیاد پر پابندی لگائی جا سکتی ہے۔
اس سے قبل ریاستی پولیس نے اسکولوں، پی یو کالجوں، ڈگری کالجوں اور دیگر تعلیمی اداروں کے 200 میٹر کے اندر کسی بھی قسم کے احتجاج، مظاہرے اور بھیڑ جمع کرنے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔
واضح رہے کہ منگل کو تشدد کے معاملات سامنے آنے کے بعد ہائی کورٹ نے لوگوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی تھی۔ کرناٹک کے وزیر اعلی بسواراج بومائی نے منگل کی شام سے ریاست کے تمام اسکول اور کالج تین دن کے لیے بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here