غیرمعیاری پی پی ای کٹس: اکھلیش کا ریاستی حکومت پر گھپلے کا الزام

0
19

لکھنؤ:(زمینی سچ)بی جے پی حکومت پر ڈاکٹروں اور نرسنگ اسٹاف کے زندگی سے کھلواڑ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے جمعہ کو کہا کہ وزیر اعلی کی ٹیم۔11 کے ساتھ لگاتار میٹنگوں کے باوجود ریاست کو موصول ہونے والی پی پی ای کٹ کی کوالٹی طے شدہ معیار کے مطابق نہیں ہے۔اور ان خراب کوالٹی والے کٹ ہی طبی عملے کے استعمال کے لئے اسپتالوں کو سپلائی کیا جارہا ہے۔مسٹر یادو نے دعوی کیا کہ اس کا انکشاف یوپی میڈیکل سپلائی کارپوریشن کی جانب سے جی آئی ایم سی نوئیڈا ڈائرکٹر اور میرٹھ کالج کے پرنسپل کو ان کے ادارے /کالج کو ملے خراب کوالٹی کے کٹ سے ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کی خراب کوالٹی کی کٹ اور ان کی سپلائی کورونا وائرس سے لڑنے والے ڈاکٹروں کے لئے مہلک ثابت ہوسکتا ہے۔مسٹر یادو نے الزام لگایا کہ وزیر اعلی اور ان کی ٹیم۔11اس گھپلے کی ذمہ داری سے جائے فرار نہیں اختیار کرسکتی۔نیز اس طرح کے مزید گھپلوں کے امکانات سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے سوال کیا کہ ریاستی حکومت کو جواب دینا چاہئے کہ ابھی تک اس نے کتنے کٹ واپس کئے ہیں؟۔اس ضمن میں 13اپریل سے پہلے ہی کی گئی شکایت پر ابھی تک کیا کاروائی کی گئی ہے؟۔وزیر اعلی اس ضمن میں خاموش کیوں ہیں؟۔سماجی وادی پارٹی نے متعدد بار معیاری کٹ کی سپلائی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔لیکن ایسا معلوم ہوتا ہے کہ بی جے پی حکومت کو اس کی کوئی فکر ہی نہیں ہے۔انہوں نے گھپلے کو سنگین معاملہ گردانتے ہوئے کہا کہ اب تو ڈاکٹر اور بھی فکر مند اور خائف ہوجائیں گے کہ حکومت ان کے تئیں اس حد تک لاپرواہی کا مظاہرہ کرسکتی ہے۔مسٹر یادو نے مزید دعوی کیا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ریاستی حکومت اور وزیراعلی کورونا کی سنگینی سے بالکل بے خبر ہیں۔بصورت دیگر کیا وجہ ہے کہ اس قسم کا اتنا بڑا مبینہ گھپلہ ہوجائے اور وزیرا علی اس سے بالکل بے خبر ہیں۔انہوں نے کہا کہ مفاد عامہ میں سماج وادی پارٹی(ایس پی) کی جانب سے لگاتار تجاویز اور شکاتیں کی جارہی ہیں۔اپوزیشن کی بات کو نظر انداز کرنا جمہوریت کے لئے بڑا خطرہ ہوسکتا ہے۔مسٹر یادو نے کہا کہ بی جے پی اور ان کی حکومت کا طرز عمل نہ صرف غیر سنجیدہ ہے بلکہ غیر جمہوری بھی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here