رمضان میں انفرادی عبادتیں کریں: مولانانعیم الرحمٰن

0
20

لکھنؤ،(زمینی سچ):مولانانعیم الرحمن صدیقی مہتمم دارالعلوم فرنگی محل لکھنؤ نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ رمضان کا مبارک مہینہ اپنے دامن پُر بہار میں ان گنت رحمتیں لے کر آرہا ہے۔ یہ اپنے جلو میں بے شمار برکتیں لے کر آرہا ہے۔ اس کے دن روزے کے غیر معمولی اجر وثواب کے حامل ہوتے ہیں۔ اس کی راتیں تراویح اور تہجد جیسی بے حد فضیلت والی عبادتوں سے آراستہ ہوتی ہیں۔اس کا پہلا عشرہ رحمت، دوسرا مغفرت اور تیسرا دوزخ سے نجات ہے۔ اس کے آخری ۱۰ دن اعتکاف اور شب قدر کی تلاش جیسی عنایات الٰہی سے مالا مال ہوتے ہیں۔
یہ مبارک ماہ غم خواری، ہم دردی ، صبر ،ایثار جیسی اعلیٰ اسلامی صفات واخلاق کے لیے عملی مظاہرے کرنے والا مہینہ ہے۔ اس میںزکوٰۃ ادا کرنے، صدقات وخیرات کرنے اور راہ خدا میںخوب خرچ کرنے کا بے حد وحساب اجر ہے۔
مولانانے کہا کہ فضائل وبرکات سے معمور یہ مہینہ اس سال ایسے وت آرہا ہے کہ پوری دنیا کورونا وائرس سے خوف زدہ ہے۔ اس مہلک جرثومے کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے عالمی ادارہ صحت نے احتیاطی اقدامات اور حکومت نے عوام کی حفاظت کے نقطہ نظر سے لاک ڈائون اور سماجی فاصلہ قائم رکھنے کے احکام نافذ کررکھے ہیں۔ متعدد علمائے کرام اور تنظیموں نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری احکامات کی خلاف ورزی نہ کریں۔
انہوںنے کہا کہ معاشرے میں دیگر افراد کا خیال رکھتے ہوئے نظم وضبط اور قانون کی پاس داری کرنے والے امن پسند شہری کی حیثیت سے ہر مسلمان کو چاہیے کہ وہ اس رمضان میں اجتماعی نہیںانفرادی عبادتوں کا اہتمام کرے۔ اپنے گھر میںتراویح اور تمام نمازیں ادا کی جائیں۔ افطار اپنے گھر ہی پر کیا جائے۔ محلوں ، دکانوں اور بازاروں میں بھیڑ نہ لگائی جائے۔ عید کی خریداری میں بھی جوش وخروش نہ دکھایا جائے۔ یہ حالت اضطرار کے احکام واعمال ہیں۔ سحری، افطاراور دوسری عبادتوں میں اپنی دعائوں کے ساتھ اس موذی وبا کے جلد از جلد خاتمے اور حالات پر امن ہونے کی خصوصی دعائیںکی جائیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here