’’کورونا سے وفات پانے والے مسلمان کی تدفین اہل اسلام پر لازمی‘‘

0
27
مولانا اسامہ قاسمی

کانپور19؍اپریل(زمینی سچ):کورونا سے وفات پانے والے مسلم میت کی تجہیز و تکفین کو لے ہورہی دشواریوں کے مدنظر جمعیۃ علماء صوبہ یوپی کے صدر اور کانپور کے شہر قاضی مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی نے اپنے اخباری بیان میں کہا کہ ایک مسلمان کے انتقال کے بعد اس کا جسم ویسے ہی قابل احترام ہے جیسا کہ اس کی زندگی میں، اسی لئے اس کی تجہیز، تکفین اور تدفین مسلمانوں پر لازمی ہے، اگر کوئی بھی اس کام کو انجام نہ دے مسلم معاشرہ بالخصوص اہل محلہ گنہگار ہوتے ہیں۔ مولانا اسامہ نے حکومت اور محکمۂ صحت سے مطالبہ کیا کہ مکمل احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے مقامی علماء کے تعاون سے ایسی میت کی شرعی طور پر تجہیز، تکفین اور تدفین کی جائے۔مولانا اسامہ نے مسلمانوں کو متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی شخص کا کورونا کی وجہ سے انتقال ہو جاتا ہے اور محکمہ صحت کے ذمہ داران غسل وغیرہ کی اجازت نہ دیں تو اسپتال والے نعش کو جس لفافے میں پیک کرکے دیں اسی کو کفن کے قائم مقام سمجھا جائے اور اس کو اوپر سے تیمم کراکر نماز جنازہ ادا کی جائے اور تدفین کی جائے۔ مسلمانوں کا شرعی طور پر یہ فرض بنتا ہے کہ وہ میت کی تجہیز وتکفین کے لئے حتی الوسع سعی کریں، اور اِس میں ہرگز کوتاہی نہ کریں؛ ورنہ سخت گنہگار ہوںگے۔ لیکن بہت اَفسوس اور تشویش کی بات ہے کہ گذشتہ چند دنوں میں کئی مقامات سے ایسی خبریں آئیں کہ مذکورہ مرض میں مبتلا مسلمان میت کو تجہیز وتکفین اور مسلم قبرستان میں تدفین میں بھی رکاوٹیں ڈالی گئیں؛ حتیٰ کہ پاس پڑوس کے مسلمانوں کی طرف سے بھی اِس پر اعتراض کیا گیا جو حد درجہ افسوس ناک ہے۔مسلمانوں پر لازم و فرض ہے کہ میت کو پورے احترام کے ساتھ غسل ممکن ہو تو غسل دے کر ورنہ تیمم کرا کے نماز جنازہ پڑھ کر دفن کریں۔
مولانا اسامہ نے بتلایا کہ جمعیۃ علماء ہند کے صدر امیر الہند حضرت مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری اور جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے حکومت اور محکمہ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ مکمل اِحتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے مقامی علماء کے تعاون سے ایسی میت کی شرعی طور پر تجہیز وتکفین اور تدفین کی اجازت دی جائے۔اور تمام مسلمانوں بالخصوص قبرستانوں کی انتظامیہ کمیٹیوں سے اپیل کرتی ہے کہ ایسی اَموات کی تدفین میں ہرگز رکاوٹ نہ ڈالیں، اور مسلمان بھائی کے اِس حق کو فراموش نہ کریں۔اللہ تعالیٰ پوری اِنسانیت کو اِس وبا سے محفوظ فرمائیں اور عافیت سے نوازیں، آمین۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here