ویمنس کالج میںالومنئی ایسوسی ایشن گریٹر شکاگو کے عطیہ سے طالبات کو ٹیبلیٹ تقسیم کئے گئے

0
38

علی گڑھ: ویمنس کالج ،علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی ضرورت مند طالبات کو آن لائن تعلیم و تدریس کے لئے اے ایم یو الومنئی ایسوسی ایشن ،گریٹر شکاگو، امریکہ کی جانب سے عطیہ کی گئی رقم سے ٹیبلیٹ کی تقسیم کالج لان میں منعقدہ ایک تقریب میں کی گئی۔ ایسوسی ایشن نے ویمنس کالج کی طالبات کے لئے ساٹھ لاکھ روپئے کا عطیہ پیش کیا تھا تا کہ کووِڈ19 کے دوران طالبات کی تعلیم متاثر نہ ہو۔ تقریب میں پرنسپل پروفیسر نعیمہ خاتون گلریز ،پروفیسر عمرانہ نسیم اور پروفیسر ایم ایم سفیان بیگ کے ہمراہ 30 سے زائد طالبات کو مسز وائس چانسلر اور شہر کی معروف پیڈیاٹریشن ڈاکٹر حمیدہ طارق نے ٹیبلیٹ تقسیم کئے۔دوسرے شہروں میں رہ رہی طالبات کو انشورڈ پوسٹ یا پھر کورئر وغیرہ کے ذریعہ طالبات کے گھروں تک ٹیبلیٹ بھجوائے جائیں گے۔واضح رہے یہ عطیہ اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسرطارق منصور کی اپیل پر سابق طلبہ کی جانب سے موصول ہوا ہے۔ ضرورت مند طالبات کے انتخاب کے لئے پروفیسر نعیمہ خاتون (پرنسپل، ویمنس کالج)کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس نے کئی سطح پر پرکھ کے بعد ضرورت مند طالبات کا انتخاب کیا ہے۔مسز وائس چانسلر ڈاکٹر حمیدہ طارق نے عمرہ عمران ،راشی،رباب زہرا،رفع مظہر،رتیکا شرماوغیرہ کو ٹیبلیٹ تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ غریب اور ضرورت مند طالبات کی مدد کے لئے اے ایم یو الومنئی ایسوسی ایشن آف گریٹر شکاگو تہہ دل سے شکریہ کی مستحق ہے۔ انھوں نے نیک جذبہ کے تحت یہ مدد فراہم کی ہے جو لائق ستائش اور قابل تقلید عمل ہے۔ڈاکٹر حمیدہ طارق نے طالبات سے اپیل کی کہ وہ ان ٹیبلیٹ کا استعمال مثبت کاز کے لئے کریں۔پرنسپل پروفیسر نعیمہ خاتون نے کہاکہ یہ عطیہ سابق طلبہ کے نیک جذبوں کا ثمر ہے ۔ غریب طالبات کو کووِڈ19 کے بحران کے وقت اس عطیہ کی بہت ضرورت تھی۔ مہیا کئے جا رہے ٹیبلیٹ طالبات کی آن لائن تعلیم کوبلاکسی رکاوٹ کے جاری رکھنے میں معاون ہوں گے۔اس رقم سے تقریباً 550؍ طالبات کو ٹیبلیٹ تقسم کئے جائیں گے۔ الو منئی ایسو سی ایشن کے چیئرمین پروفیسر ایم ایم سفیان بیگ نے کہاکہ امریکہ میں مقیم سابق طلبہ نے جو رقم ضرورت مند اور غریب طالبات کیلئے ارسال کی ہے وہ طالبات کے لئے خاص تحفہ ہے جو آن لائن تعلیم کے لئے ڈجیٹل ڈیوائس خریدنے کی سکت نہیں رکھتی ہیں۔پروفیسر عمرانہ نسیم نے کہا کہ ایک خطیر رقم صرٖ ف طالبات کی تعلیم کے فروغ کے لئے مہیا کی گئی ہے جو قابل ستائش امر ہے۔طالبات ان ٹیبلیٹ کو تعلیم کی حصولیابی کے مقصد کے لئے استعمال کریں۔اس موقع پر پروفیسر زیبا شیریں،پروفیسر نیلم فرزانہ،پروفیسر بابو بخش منصوری،پروفیسر ناظورہ عثمانی،ڈاکٹر طیبہ نسرین ، ڈاکٹر احسان اللہ فہد،ڈاکٹر شکیب احمد،ڈا کٹر ساریکا وارشنے،ڈاکٹر فر ح فردوس،ڈاکٹر سرور ساجد،ڈاکٹر علی عمران عثمانی،ڈاکٹر محمد مرتضی،ڈاکٹر فرقان سنبھلی ، ایس اوشمیم احمد وغیرہ موجود تھے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here