مرکزی حکومت بڑھا سکتی ہے لاک ڈاؤن کی مدت

0
38

نئی دہلی، 11 اپریل: کورونا وبا کے ملک میں مسلسل بڑھتے قہر کے پیش نظر بیشتر ریاستوں نے وزیراعظم نریندر مودی مکمل لاک ڈاون کی مدت مزیددو ہفتہ بڑھانے کی درخواست کی ہے جس پر مرکز ی حکومت غور کررہی ہے۔وزیراعظم نریندر مودی نے کورونا وبا سے پیدا شدہ صورتحال اور اس سے نپٹنے کے لئے آگے کی حکمت عملی پر غورو خوض کرنے کے لئے آج یہاں تمام ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام ریاستوں کے وزرائے اعلی کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ میٹنگ کی تھی۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ میں مغربی بنگال، دہلی اور مہاراشٹر سمیت بیشتر ریاستوں نے وزیراعظم سے پورے ملک میں جاری مکمل لاک ڈاون کی مدت کو دو دہفتہ مزید بڑھانے کی درخواست کی ہے۔ ابھی نافذ مکمل لاک ڈاون 14اپریل کو ختم ہونا ہے۔ مرکزی حکومت ریاستوں کی اس درخواست پر غور کررہی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ تقریباََ چار گھنٹے چلی میٹنگ میں وزیراعظم نے کہاکہ جب میں نے قوم کے نام پیغام دیا تھا تو لاک ڈاون کی بات کرتے ہوئے کہا تھا، جان ہے تو جہان ہے۔انہوں نے کہاکہ میں نے اس بات پر بھی زور دیا تھا کہ ہر شہری کی جان بچانے کے لئے لاک ڈاون اور سوشل ڈسٹینسنگ پر عمل بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے بیشتر لوگوں نے اس بات کو سمجھا اور گھروں میں رہ کر اپنی ذمہ داری ادا کی۔انہوں نے کہا کہ تمام نے اس راستے پر چلتے ہوئے ملک کے شہریوں کی زندگی بچانے کی کوشش کی اور اب ہندستان کے روشن مستقبل کے لئے خوشحال اور صحت مند ہندستان کیلئے ’جان بھی جہان بھی‘ ان دونوں پہلووں پر توجہ دینا ضروری ہے۔
مسٹر مودی نے کہاکہ جب ملک کا ہر شخص جان بھی اور جہان بھی، دونوں کی فکرکرتے ہوئے اپنی ذمہ داری ادا کرے گا، حکومت اور انتظامیہ کی رہنما ہدایات پر عمل کرے گا تو کورونا کے خلاف ہماری لڑائی مضبوط ہوگی۔میٹنگ کے بعد دہلی کے وزیراعلی اروندر کیجریوال نے میٹنگ میں مکمل لاک ڈاون کی مدت بڑھائے جانے پر رضامندی بننے کے اشارے دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے آج لاک ڈاون بڑھانے کا ٹھیک فیصلہ کیا ہے۔ ہندستان آج کئی ترقی پذیر ممالک کے مقابلہ بہتر حالت میں ہے کیونکہ ہم نے لاک ڈاون پہلے ہی نافذ کردیا تھا۔ اگر اسے ابھی ہٹایا گیا تو اس کے جو فوائد ملے ہیں وہ سب ضائع ہوجائیں گے۔ صورتحال کو مزید بہتر اور مضبوط بنانے کے لئے اہم ہے کہ اسے مزید بڑھا یا جائے۔خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے انفیکشن کے معاملات مسلسل بڑھ رہے ہیں اور اس کے پیش نظر پارلیمنٹ میں مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈروں نے بھی وزیراعظم کے ساتھ میٹنگ میں مکمل لاک ڈاون کی مدت بڑھانے کا مشورہ دیا تھا۔ ضلع انتظامیہ اور ماہرین نے بھی وزیراعظم کو یہی مشورہ دیا ہے کہ ابھی مکمل لاک ڈاون کی مدت بڑھانا مناسب قدم ہوگا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here