اے ایم یو میں سمسٹر امتحانات آن لائن اوپن بُک سسٹم کے تحت ہوں گے

0
34
Aligarh Muslim University

علی گڑھ:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) نے سبھی انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کورسوں کے فائنل سمسٹر امتحانات آن لائن اوپن بُک طریقہ سے کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پچھلے سمسٹر یا سال کے چھوٹے ہوئے پیپرز بھی اسی طریقے سے ہوں گے۔ یہ فیصلہ سبھی فیکلٹیوں کے ڈین، کالجوں و پالی ٹیکنک کے پرنسپل اور یونیورسٹی کے دیگر اعلیٰ حکام کی آن لائن مشاورتی میٹنگ میں کیا گیا۔ رجسٹرار مسٹر عبدالحمید آئی پی ایس کی طرف سے جاری اطلاع کے مطابق کورونا وائرس (کووِڈ-19 )سے پیدا ہونے والی صورت حال کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے مطابق آن لائن اوپن بُک فائنل سمسٹر امتحانات 10؍جولائی 2020ء کے بعد اور پچھلے سمسٹر کے باقی امتحانات پانچ سے دس جولائی 2020ء کے درمیان ہوں گے۔ اس کی مزید تفصیلات کنٹرولر امتحانات دفتر جاری کرے گا ۔ اس سلسلہ میں سبھی طلبہ و طالبات کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی جائے قیام پر آن لائن امتحان کی سہولت پہلے سے تیار کرکے رکھیں۔ اساتذہ کے لئے موسم گرما کی تعطیلات 15؍جون تا 30؍جون 2020 رہیں گی اور جو اساتذہ تعطیل پر جانا چاہتے ہیں ان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ سیشنل نمبرات اور اپنے کورس کے سوالنامے جمع کرکے جائیں ۔
نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ کووِڈ-19 کی وجہ سے یونیورسٹی یکم اگست 2020 سے قبل نہیں کھلے گی، لہٰذا طلبہ علی گڑھ آنے کا ارادہ نہ کریں اور یونیورسٹی کی ویب سائٹ amucontrollerexams.com یا amu.ac.in پر جاری اطلاع کے مطابق ہی کوئی فیصلہ کریں۔ اس سلسلہ میں مزید رہنما ہدایات 15؍جولائی کے آس پاس جاری کی جائیں گی ۔نوٹس کے مطابق یونیورسٹی کے اقامتی ہالوں کے ڈائننگ ہال تعطیل کے دوران حسبِ روایت 15؍جون سے بند ہوجائیں گے، اس لئے طلبہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے گھر چلے جائیں۔ یونیورسٹی انتظامیہ ہر ممکن طریقہ سے ان کا تعاون کرے گی ۔تاہم اگر کوئی طالب علم کسی معقول وجہ سے اپنے گھر نہیں جاسکتا تو یونیورسٹی انتظامیہ ڈائننگ سہولیات مہیا کرانے میں مدد کرے گی ۔اسی اثناء ایک دیگر نوٹیفکیشن میں اے ایم یو اسکول ایجوکیشن کے ڈائرکٹر پروفیسر اصفر علی خاں نے مطلع کیا ہے کہ سال 2020 کے دسویں اور بارہویں جماعت کے بقیہ امتحانات پانچ تا بیس جولائی 2020 آن لائن طریقہ سے ہوں گے۔ آن لائن امتحانات کا تفصیلی شیڈول امتحان سے کم از کم پندرہ روز قبل کنٹرولر امتحانات کی جانب سے جاری کیا جائے گا ۔ طلبہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی جائے قیام پر آن لائن امتحان کا بندو بست کرکے رکھیں۔ نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ کووِڈ-19 کے پیش نظر اے ایم یو کے اسکول اور ہاسٹل طلبہ کے لئے یکم اگست 2020 سے قبل نہیں کھلیں گے اور اسکولی اساتذہ کے لئے موسم گرما کی تعطیل اور ان کی ذمہ داریاں یونیورسٹی اساتذہ کے مطابق ہی رہیں گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here