کشمیر: لاک ڈاؤن کا 35 واں دن، خوف وخاموشی برابر سایہ فگن

0
13

سری نگر: وادی کشمیر میں عالمی وبا کورونا وائرس کی روک تھام کو یقینی بنانے کے پیش نظر بدھ کو مسلسل 35 ویں روز بھی مکمل لاک ڈاؤن جاری رہا جس کے باعث تمام تر معمولات زندگی برابر مفلوج ہیں اور خوف وخاموشی کا ماحول بھی تواتر کےساتھ سایہ فگن ہے۔ وادی کے طول و عرض میں بازاروں میں سناٹا چھایا ہوا ہے اور سڑکیں سنسان ہیں۔اس دوران وادی کشمیر میں بدھ کے روز کورونا وائرس کے 27 نئے کیسز سامنے آئے جس کے ساتھ اس یونین ٹریٹری میں اب تک سامنے آنے والے کیسز کی تعداد بڑھ کر 351 ہوگئی۔حکومت کے ترجمان روہت کنسل نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا: کورونا وائرس کے آج 27 نئے کیسز سامنے آئے۔
یہ سبھی کیسز صوبہ کشمیر کے ہیں۔ مثبت کیسز کی تعداد بڑھ کر 407 ہوگئی۔ جموں میں 56 اور کشمیر میں 351۔یو این آئی اردو کے ایک نامہ نگار نے بتایا کہ شہر سری نگر میں مکمل لاک ڈاؤن کے بیچ لوگوں میں اضطرابی کیفیت بھی طاری ہے اور روزی روزی کی فکر بھی لاحق ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے بے شمار لوگ ہیں جو دن میں ریڈہ یا دوسری مزدوری کرکے شام کو اپنے عیال کا پیٹ پالتے تھے وہ گھروں میں ہی محصور ہوکر وبا کے خوف کے ساتھ ساتھ دوسری فکروں کے بحر بیکراں میں ڈوب گئے ہیں۔
موصوف نامہ نگار نے کہا کہ سری نگر کی تمام سڑکوں پر سیکورٹی اہلکار لاک ڈاؤن کو ممکن بنانے کے لئے متحرک ومستعد ہیں اور لوگوں کی بھیڑ کو نہ ہونے دینے کے لئے باتوں کے ساتھ ساتھ لاٹھیوں کا بھی استعمال کرتے ہیں۔وادی کے دوسرے ضلع وتحصیل صدر مقامات سے بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ مکمل لاک ڈاؤن برابر جاری ہے اور لوگ بھی گھروں میں ہی رہ کر سماجی دوری کو یقینی بنانے کی تاحد امکان کوششیں کررہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق دور افتادہ علاقوں میں بھی لوگ سماجی دوری کو بنائے رکھ رہے ہیں جس کے لئے اجتماعی نوعیت کی تمام مذہبی و سماجی تقریبوں کو منسوخ کیا جارہا ہے یہاں تک کہ تعزیتی مجالس کا بھی اہتمام نہیں کیا جارہا ہے۔
وادی کے علاہ جموں اور لداخ یونین ٹریٹری میں حالات قدرے قابو میں ہونے کے باوجود بھی مکمل لاک ڈاؤن جاری ہے اور لوگ گھروں تک ہی اپنی سرگرمیوں کو محدود رکھے ہوئے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here