ریلوے کا چینی کمپنی کے ساتھ 471 کروڑ روپے کا ٹھیکہ رد

0
12

نئی دہلی: انڈین ڈيڈیکٹیڈ فریٹ کوریڈور کارپوریشن لمیٹڈ نے آج مشرقی ڈیڈیکٹیڈ فریٹ کوریڈور (ڈی ایف سی) پروجیکٹ میں کانپور-دیندیال (مغلسرائے) جنکشن کے سیکشن میں جدید سگنلنگ اور مواصلاتی نظام کی تنصیب کے لئے چینی کمپنی کو دیا گیا 471 کروڑ روپے کا ٹھیکہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بیجنگ نیشنل ریلوے ریسرچ اینڈ ڈیزائن انسٹیٹیوٹ آف سگنل اینڈ کمیونیکیشن کی گروپ کمپنی کو جون 2016 میں کانپور سے دیندیال جنکشن تک 417 کلومیٹر کے ٹریک پر مشرقی ڈی ایف سی پر جدید سگنلنگ اور مواصلاتی نظام نصب کرنے کا ٹھیکہ دیا گیا تھا۔ کمپنی کو ورلڈ بینک سے حاصل قرض کے ذریعے ادائیگی کی جانی تھی۔ذرائع کے مطابق، کمپنی اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں لاپرواہی کررہی تھی اور گزشتہ چار سالوں کے دوران اس نے صرف 20 فیصد کام مکمل کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ کمپنی معاہدے کی شرائط کے مطابق الیکٹرانک انٹرلاکنگ کی ڈیزائن جیسے تکنیکی دستاویزات فراہم کرنے سے پیچھے ہٹ رہی تھی۔ کمپنی نے سافٹ ویئر کی کچھ تفصیلات بھی شیئر کرنے سے انکار کردیا تھا۔ ڈی ایف سی کارپوریشن یا ریلوے حکام کے دورے کے دوران کمپنی کے افسران یا انجینئر موجود نہیں رہتے تھے۔ تعمیراتی کام کے لئے مقامی ایجنسیوں کے ساتھ کوئی ہم آہنگی نہیں تھی۔ یہاں تک کہ پروجیکٹ کے لیے ساز وسامان کی خریداری بھی نہیں کی تھی۔ ڈی ایف سی کارپوریشن اور کمپنی عہدیداروں کے مابین متعدد دور کی میٹنگوں کے بعد بھی کام میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ وجوہات کی بناء پر ڈی ایف سی کارپوریشن آف انڈیا لمیٹڈ کے ساتھ چینی کمپنی کا ٹھیکہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here