اظہار رائے کی آزادی خطرے میں ہے

0
10

رائے پور: کانگریس کی چیئرپرسن سونیا گاندھی نے مودی حکومت کا نام لئےبغیر اس پر سخت حملہ کرتے ہوئے آج کہا ہے کہ ملک اور سماج میں نفرت پھیلانے والی طاقتیں جمہوریت کے سامنے چیلنج بن گئی ہیں۔محترمہ گاندھی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ نوا رائے پور میں چھتیس گڑھ اسمبلی کی نئی عمارت کی تعمیر کے کتبے کی نقاب کشائی کرنے کے بعد وہاں موجود لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ اور اسمبلی جمہوریت کے سب سے بڑے ستون اور مقدس مندر ہیں یہاں آئین کی دفاع ہوتی ہے۔ لیکن یہ یاد رکھنا ہوگا کہ آئین عمارتوں سے نہیں جذبات سے بچے گی۔ ہمارے آباء واجداد نے آزادی کی لڑائی لڑی، ان کے خوابوں کی تکمیل کرنے کے لئے ابھی بہت کچھ کیا جانا باقی ہے۔انہوں نے ملک کے موجودہ حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک اور سماج میں نفرت پھیلانے والی طاقتیں جمہوریت کے سامنے چیلنج بن گئی ہیں۔ اظہار رائے کی آزادی خطرے میں ہے، جمہوری ادارے تباہ ہیں۔ نفرت پھیلانےوالی طاقتیں چاہتی ہیں کہ سماج کے سبھی طبقوں کے لوگ اپنا منھ بند رکھیں۔ وہ ملک کا منھ بند کرنا چاہتی ہے۔
بابائے قوم مہاتما گاندھی، پنڈت جواہر لال نہرو، ڈاکٹر راجندر پرساد، بابا صاحب، ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر نے یہ سوچا نہیں ہوگا کہ آزادی کے 73 برسوں کے بعد ایسا مشکل وقت کا سامنا لوگوں کو کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ آج ہم حلف لیں کہ ہم سماج کے آخری شخص کو دھیان میں رکھ کر فیصلے لیں گے۔ انہوں نے وزیراعلی بھوپیش بگھیل اور چھتیس گڑھ حکومت کے کام کاج کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ چھتیس گڑھ حکومت آخری شخص کو دھیان میں رکھ کر فیصلے لے رہی ہے۔رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے اپنے پیغام میں کہا کہ چھتیس گڑھ حکومت عوام کے تئیں اپنی ذمہ داری کو بہتر طریقے سے نبھارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ چھتیس گڑھ حکومت کی ’راجیو گاندھی کسان نیا یوجنا‘ اور ’گودھن نیا یوجنا‘ کے لئے وزیراعلی بھوپیش بگھیل کی تعریف کی۔
وزیراعلی بھوپیش بگھیل نے اس موقع پر کہا کہ کوشش ہوگی کہ اسمبلی کی نئی عمارت جلدی بن کر تیار ہوجائے اور ہم سب چھتیس گڑھ کے پونے تین کروڑ عوام اور چھتیس گڑھ مہتاری کی خدمت کے لئے یہاں بیٹھیں گے۔انہوں نے کہا کہ نوا رائے پور اٹل نگر آباد ہو، اس کے لئے چھتیس گڑھ حکومت ہمہ جہت کوششیں کررہی ہیں۔ آنے والے برسوں میں یہاں گورنر، وزرائے اور انتظامیہ سے جڑے سبھی لوگ رہنے لگیں گے، سہولتیں بڑھیں گی، اس نئے شہر کو بسانے کی سبھی رکاوٹیں دور ہوجائیں گی۔اسمبلی کے اسپیکر ڈاکٹر چرن داس مہنت نے کہا کہ ان کے ویژن کے مطابق اچھی طرح سے جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ایک عظیم الشان عمارت کی سنگ بنیاد رکھی گئی ہے۔ یہ صرف عمارت نہیں بلکہ جمہوریت کا مندر ہے۔اس موقع پر ہم سب اراکین اسمبلی یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم ہندوستان کے جمہوری نظام کو مستحکم کرنے میں پیش پیش ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ چھتیس گڑھ بابا گروگھاسی داس ، سنت کبیر کی سرزمین ہے۔اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر دھرم لال کوشک نے اسمبلی کی عمارت کی بنیاد رکھنے کے لئے وزیراعلی، اسپیکر سمیت سبھی لوگوں کو مبارک باد پیش کیا اور نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ اراکین اسمبلی کے لئے بھی مستقبل قریب میں رہائش گاہ کا نظم ہوگا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here