حاملہ خواتین کے لیے کووِڈ 19-سے تحفظ کے لیے ضروری ہدایات

0

علی گڑھ، 20؍اپریل(زمینی سچ):علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے آبسٹیٹرکس اینڈ گائنا کولوجی شعبہ کے اساتذہ نے کووِڈ 19-کرونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر حاملہ خواتین کے احتیاط برتنے کے لئے ضروری ہدایات اور اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پی) تیار کیا ہے جو خواتین کے امراض زچگی سے متعلق تمام ڈاکٹروں، نرسوںاور دیگر عملہ کے لیے نہایت کارآمد ثابت ہوگا۔مذکورہ شعبہ کے ڈاکٹر اناس مشتاق اور ڈاکٹر آمنہ قریشی کے ذریعہ مشترکہ طورسے تیار کی گئیں ہدایات کے کتابچہ کا اجرا کرتے ہوئے شعبہ کی سربراہ پروفیسر تمکین خان نے کہا کہ ان تمام ہدایات کو جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج نے پہلے ہی اختیار کر لیا ہے ۔ انہوںنے بتایا کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے میڈیکل کالج کے ریجنل ریسورس ٹریننگ سینٹر کو کووِڈ19-کے آئسولیشن یونٹ میں تبدیل کرنے منظوری دے دی تھی اور کالج کے پرنسپل پروفیسر شاہد صدیقی، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر حارث خان اور پروفیسر افضال انیس کے تعاون سے ایک ہفتے کے اندر لیبر روم اور آپریشن ٹھیٹر کامپلیکس تیار کیا جا چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان ہدایات کی مدد سے صحت خدمات سے متعلق عملہ اب آسانی سے مریضوں اور خصوصاً حاملہ خواتین کی کووِڈ جانچ، ان کے سفر اور ان کی رہائش کے مقام وغیرہ کا ریکارڈ رکھ سکے گا۔ انہوںنے مزید بتایا کہ حاملہ خواتین کی زچگی تعدی سے پاک کیوبیکلس میں کرائی جائے گی تاکہ ایک مریض سے دوسرے مریض کو تعدی کا خطرہ نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ سیزیرئن معاملات میں خواتین کو کووِڈ مشکوک میٹرنٹی او ٹی میں منتقل کر دیا جائے گا اور ان میں سانس لینے کی دقت وغیرہ کی وقتاً فوقتاً جانچ کی جائے گی۔پروفیسر خان نے بتایا کہ اب تک کی نگرانی سے معلوم ہوا ہے کہ حاملہ خواتین میں کرونا وائرس کی موجودگی اس مرض کی شکار غیر حاملہ خواتین کے مقابلے بہت کم ہے ، اس کے باوجود زچگی کے دوران ہونے والی تعدی کا خطرہ مول نہیں لیا جا سکتا۔ مذکورہ ہدایت نامہ مریض کی صورتحال کے مطابق ایسپرن، ٹوکولائسس اور میگنیشیم سلفیٹ کے کم ڈوز کے استعمال کو مناسب بتایا گیا ہے جبکہ آئبروفین اور انڈومیتھاسن کے استعمال کی سختی سے ممانعت کی گئی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here