نئی دہلی، 29 مارچ (یو این آئی) کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ملک کی اہم موبائل فون خدمات مہیا کرنے والی کمپنیوں سے آؤٹ گوئینگ اور ان کمنگ خدمات کو ایک ماہ تک مفت کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ لاک ڈاؤن کے سبب مشکل دور سے گزر رہے غریبوں کو اپنے گھر والوں سے بات کرنے میں آسانی ہوسکے۔
محترمہ گاندھی نے اتوار کو ایئرٹیل کے مالک سنیل بھارتی متل، بھارت سنچار نگم لمیٹیڈ کے چیئرمین پروین کمار پُروار، ووڈا فون آئڈیا کےچیئرمین کمار منگلم برلا اور جیو کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائرکٹر مکیش امبانی کو خط لکھ کر یہ اپیل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ یہ خط ان لاکھوں کے مسائل کو دیکھتے ہوئے لکھ رہی ہیں جو لاک ڈاؤن کے سبب بھوک، پیاس اور بیماری کا سامناکرتے ہوئے اپنے گھروں اور کنبے کے پاس پہنچنے کے لئے پیدل ہی سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔
محترمہ گاندھی نے کہا کہ ان لوگوں کو راحت دینے اور انہیں اپنے اہل خانہ سے بات کرنے کے لئے ایک ماہ تک انسانیبنیاد پر مفت موبائل فون خدمات دستیاب کرائی جانی چاہیے۔

