لاک ڈائون پر عمل کرتے ہوئے رمضان کی قدر اور اس کا احترام کریں:مولانا اسامہ قاسمی

0
مولانااسامہ قاسمی

کانپور(زمینی سچ):رمضان المبارک کی آمد آمد ہے۔ اللہ رب العزت ہر سال یہ مبارک مہینہ ( ماہ رمضان ) امت مسلمہ کو عطا فرماتا ہے جس میں اللہ پاک کی خاص رحمتیں و برکتیں نازل ہوتی ہیں۔بندوں کی دعائیں بطور خاص قبول کی جاتی ہیں اور نیک اعمال کا درجہ بڑھا دیا جاتا ہے ، بے شمار خصوصیات کاحامل یہ مہینہ رحمت دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم کی امت کو ہی اللہ پاک نے بطور انعام عطا فرمایا ہے ۔کل ہند اسلامک علمی اکیڈمی کے صدر مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی ، نائب صدر مولانا خلیل احمد مظاہری، جنرل سکریٹری مفتی اقبال احمد قاسمی، سکریٹری مفتی عبد الرشید قاسمی و دیگر اراکین نے لوگوں کے نماز ، روزہ، تراویح ،زکوٰۃ، فطرہ، حج و قربانی میں دینی معلومات اور اسلامی رہنمائی کے لئے رمضان ہیلپ لائن بنام الشریعہ ہیلپ لائن جاری کرتے ہوئے تمام مسلمانوں خصوصاً اہالیان کانپور سے دردمندانہ اپیل کرتے ہوئے فرمایا کہ پوری دنیا خصوصاًاپنے ملک کے موجودہ حالات کو سامنے رکھتے ہوئے بھیڑ نہ لگائیں، توبہ ، استغفار، ذکر واذکار ، تلاوت قرآن پاک کا اہتمام زیادہ سے زیادہ کریں۔سوشل ڈسٹنس برقرار رکھتے ہوئے گھر ہی میں عبادت کریں،کثرت سے نمازوں کا اہتمام کریں، گھر کی خواتین اور بچے ،بچیوںسے بھی نماز اور دعائوں کا اہتمام کرائیں۔ افطار اور سحری کے وقت دعائیں قبول ہوتی ، ان اوقات میں اپنے لئے، اپنے گھر والوں، علاقہ، شہر اور ملک سمیت پوری دنیا کیلئے وبائی مرض سے حفاظت اور جلد نجات کی دعاء کریں ۔مولانا نے کہا کہ گھروں میں بھی زیادہ بھیڑ لگا کر اجتماعی افطار سے بچیں ، روزہ اور نمازوں میں کوتاہی نہ کریں، اللہ سے اپنے گناہوں کی معافی مانگیں، سختی کے ساتھ لاک ڈائو ن کی پابندی کریں ۔ مولانا نے شہر کی مساجد کے حضرات ائمہ کرام سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنی مسجد وں سے اعلان کردیں کہ تمام لوگ سختی کے ساتھ لاک ڈائون پر عمل کریں ، گھروں سے باہر نہ نکلیں، سوشل ڈسٹنس بنائیں رکھیں،بھیڑ نہ لگائیں، نماز گھر میں پڑھیں،تراویح وغیرہ کیلئے گھر میں چاہیں تو دو تین لوگوں کے ساتھ آپ جماعت کر لیں ورنہ اکیلے اکیلے نماز پڑھیں۔کوئی حافظ ہو تو قرآن بھی سنا سکتا ہے ورنہ سبھی لوگ الم ترا کیف سے تراویح پڑھیں،مساجد میں بھی تین چار افراد سے زیادہ کی جماعت نہ کریں۔مولانا اسامہ نے کہا کہ دیگر امتوں کورمضان المبارک جیسی عظیم نعمت نہیں ملی اس لئے امت مسلمہ کا فرض ہے کہ وہ اس کی قدر دانی و شکرگزاری میں کوتاہی نہ کریں ۔ اس رمضان کاسب سے پہلے، پہلا حق یہ ہے کہ وہ اس ماہ کا احترام کریں اور رمضان المبارک کے مخصوص اعمال کو بحسن و خوبی انجام دیں۔ رمضان المبارک کے خصوصی اعمال روزہ ، تراویح، شب قدر کاقیام اعتکاف وغیرہ ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here