پریاگ راج:28مارچ:کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر ریاستی حکومت کی جانب سے تشکیل شدہ اعلی سطحی کمیٹی نے سات سال تک کی سزا کے تحت زیر غور قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ کیا ہے۔ایسے قیدیوں کو پیرول یا عبوری ضمانت پر 8ہفتوں کے لئے رہا کیا جائےگا۔جس کے بعد قیدعدالت میں خود سپردگی کریں گے۔اترپردیش اسٹیٹ لیگل سروسز اتھارٹی نے ریاست کے سبھی ڈسٹرکٹ ججوں،ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی کے سربراہوں سے اپیل کی ہے کہ زیر غور قیدیوں کو عارضی ضمانت یا پرول پر رہائی کا نظم کریں۔ یہ حکم ہائی کورٹ کی ہدایت کے بعد تشکیل ہائی پاور کمیٹی کے حکم سے جاری کیا گیا ہے۔
اعلی سطحی کمیٹی میں اترپردیش اسٹیٹ لیگل سروسز اتھارٹی کے کارگذار صدر، اڈیشنل چیف سکریٹری(داخلہ) اور ڈی جی پی (جیل)شامل ہیں۔ملحوظ رہے کہ 27مارچ کو اعلی سطحی کمیٹی کی جانب سے لئے گئے فیصلوں کے مطابق ان سبھی زیر غور قیدیوں(بیرون ممالک کے شہریوں کو چھوڑ کر)جنہیں زیادہ سے زیادہ 7سال تک کی سزا کے جرم میں جیل میں رکھا گیا ہے سبھی کو 8 ہفتے کے لئے عارضی ضمانت یا پیرول پر رہا کیا جائےگا۔
یوپی اسٹیٹ لیگل سروس اتھارٹی کے سکریٹری کلدیپ کمار جیسوال کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق اس کام کے لئے سیشن جج، اڈیشنل سیشن جج اور جوڈیشیل مجسٹریٹ سمیت چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ جیلوں میں جا کر قیدیوں کا ذاتی بانڈ لینے کے بعد ہی انہیں پیرول یا عارضی ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیں گے۔
عدالتی ذرائع نے بتایا کہ ایسے قیدیوں سے اس شرط کے ساتھ بانڈ بھرایا جائےگا کہ وہ آٹھ ہفتہ مکمل ہونے کے بعد عدالت میں خودسپردگی کریں گے۔ جوڈیشیل افسر اپنے اپنے اضلاع کی جیلوں میں جاکر انڈ ٹرائل قیدیوں کی ضمانت عرضی حاصل کر کے ضمانت پر رہا کرنے کا نظم کریں گے۔
کمیٹی نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ عبوری ضمانت دینے کے لئے جیل اسٹاف، جیل پیرا لیگل والنٹیئر، ڈسٹرکٹ لیگل سروس اتھارٹی کے وکیل پینل کی مدد لی جائےگی۔ ریاستی سطح کی انڈر ٹرائل رویو کمیٹی ہفتے میں ایک میٹنگ کر کے اس ضمن میں ضلع اتھارٹی کو ہائی کورٹ کے فیصلے کے تحت احکامات جاری کرتی رہے گی۔متعلقہ اضلاع کے سپرنٹنڈنٹ آف جیل ڈسٹرکٹ لیگل سروس اتھارٹی کے سکریٹری کے رابطے میں رہیں گے۔یہ بھی کہا گی اہے کہ اسٹیٹ لیگل مانیٹرنگ ٹیم کو عارضی ضمانت یا فیصلہ پر رہا ہونے والوں کی فی یوم اطلاع بھیجی جائے جو کہ معاملے کی مانیٹرنگ کررہی ہے۔

