لکھنؤ:(زمینی سچ)بی جے پی حکومت پر کورونا وائرس کے ضمن میں ایمانداری سے کام کرنے کے بجائے سیاست کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ایس پی سربراہ نے سنیچر کو کہا کہ حکومت کی گمراہ کن بیانات کی وجہ سے عوام کے اندر کافی شکوک وشہبات پیدا ہونے شروع ہوگئے۔ایس پی سربراہ نے عوام کی جانب سے لاک ڈاؤن پر مکمل طور سے عمل کرنے کی وکالت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کورونا وائرس کو ہرانے کے لئے پرعزم ہیں لیکن وہیں بی جے پی حکومتیں ایمارنداری سے کام کرنے کے بجائے سیاست کرنے سے باز نہیں آرہی ہیں۔بی جے پی کی جانب سے متعارف اور معترف ماڈل کو ناکام گردانتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے مزدوروں اور غریبوں کو ان کے حال پر چھوڑ دیا ہے۔حکومت کی جانب سے ان کی کوئی خبر گیری کرنے والا نہیں ہے۔نہ تو ان کے علاج کو کوئی انتظام ہے اور نہ ہی کھانے اور رہائش کی سہولیت میسر ہے۔
ایس پی سربراہ نے الزام لگایا کہ کمیونٹی کچن اور آر ایس ایس کے بھنڈارے میں کوئی فرق نہیں ہے۔این جی او اور سرکاری اداروں سے موصول ہونے والے کھانے کی اشیاء کو آر ایس ایس اپنا بتا کر اور مودی تھیلی میں بھر کر کچھ بھاجپائی کنبوں میں تقسیم کرنا سطحی ذہنیت کا عکاس ہے۔انہوں نے سوال کیا کہ سنگھ کی’کٹمب شاکھا‘کیسے لگائی جارہی ہے۔بی جے پی حکومت کیا سنگھ کے ایجنڈے کو فروغ دینے کے لئے منتخب کی گئی ہے۔وزیر اعلی کے ہاٹ اسپاٹ اور وزیر اعظم کی جانب سے آگرہ ماڈل کی تعریف پر تبصرہ کرتے ہوئے اکھلیش نے کہا کہ بی جے پی کے افراد اس کی خود ہی تعریف کرتے رہتے ہیں لیکن حقیقتا جہاں آگرہ ماڈل ضلع انتظامیہ کی لاپرواہی کی وجہ سے فیل ہوچکا ہے تو وہیں ہاٹ اسپاٹ والے علاقوں میں بھی اس پر عمل نہیں کیا جارہا ہے اور وہاں کے شہریوں کو ضروری اشیاء کی قلتوں کا سامنا ہے۔ہاٹ اسپاٹ کے ضمن میں سوال کھڑا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کی ٹیم ۔11 کو بتانا چاہئے کہ جہاں لاک ڈاؤن کی سختی سے نافذ ہے وہاں کوروناوائرس کے کیسز دو گنا کیسے ہوگئے ہیں؟انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے راجدھانی میں کئی دوکانوں کو سامان سپلائی کے لئے خصوصی پاس جاری کئے تھے۔لیکن اس کا استعمال عوامی ضروریات کو پوری کرنے کے بجائے شہر میں گھومنے پھرنے کے لئے کیا جارہا ہے۔

