ڈومیسائل قانون کھوکھلا اور ناقابل قبول: نیشنل کانفرنس

0

سری نگر، یکم اپریل : نیشنل کانفرنس نے حکومت ہند کی طرف سے جموں وکشمیر کے عوام کے مفادات کے تحفظ کے لئے متعارف کئے جانے والے ڈومیسائل قانون کو کھوکھلا اور ناقابل قبول قرار دیا ہے۔ پارٹی کے ترجمان اعلیٰ آغا سید روح اللہ مہدی نے اپنے ایک بیان میں متعارف شدہ قانون کو بھونڈا مذاق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مقامی لوگوں کے لئے صرف درجہ چہارم کے اسامیان مخصوص رکھی گئی ہیں، اس سے زیادہ بے عزتی کی کیا بات ہوسکتی ہے۔
15 سال جموں وکشمیر میں قیام پذیر رہنے والوں کو اقامتی زمرے میں لانے کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی نے کہا کہ اس کا مقصد جموں و کشمیر کا آبادیاتی تناسب بگاڑنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں تعینات مرکزی حکومت کے ملازمین، پی ایس یوز اور مہاجرین کے بچے بھی اب یہاں ملازمتیں حاصل کرنے کے اہل ہوں گے اور ایسے میں مقامی آبادی کے لئے برائے نام اسامیاں رہ جائیں گی۔ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لئے یہ قانون کتنا ظالمانہ ہے اس بات کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ہندوستان کے کسی بھی حصے کا شہری محض 7 سال یہاں تعلیم حاصل کرنے کے بعد ڈوماسائل کے لئے رجوع کرسکتا ہے اور نوکری حاصل کرنے کا اہل بن سکتا ہے۔ کیا یہ ممکن ہے کہ دوسری ریاستوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طالب علموں کو بھی اس طرح کے حقوق حاصل ہوں؟
قانون متعارف کرنے کے وقت کو زخموں پر نمک پاشی قرار دیتے ہوئے این سی ترجمان اعلیٰ نے کہا کہ جب پورا ملک کورونا وائرس کی وبائی بیماری سے لڑرہا ہے اور جموں وکشمیر کے عوام اور اُن کے نمائندے اپنے کنبوں اور لوگوں سے متعلق تشویش اور فکر میں مبتلا ہیں، ایسے وقت میں حکومت ہند کی طرف سے قانون سامنے لانا خود بہ خود اپنی مشکوکیت بیان کرتا ہے۔ نئی دلی یہ بات بخوبی جانتی ہے کہ اس وقت لوگ کورونا وائرس کی عالمگیر وباء سے پیدا شدہ صورتحال سے پریشانیوں، مصائب اور مشکلات سے دوچار ہیں اور وہ اس وقت اس جانب کوئی توجہ نہیں دیں گے۔
آغا روح اللہ نے کہا کہ حکومت ہند کے یہ اقدام بظاہر عوام کیساتھ دھوکہ اور فریب ہیں۔ اقامتی قانون کو مسترد کرتے ہوئے این سی ترجمان نے کہا کہ ہماچل پردیش اور دیگر ریاستوں میں ڈومیسائل قانون کے تحت زمین کے حقوق محفوظ رکھے گئے ہیں جبکہ جموں و کشمیر اقامتی قانون میں ایسا کچھ نہیں ہے۔ اس قانون میں جموں وکشمیر کے عوام کی زمینوں کے تحفظ کی کوئی بات نہیں۔
نیشنل کانفرنس نے اس بات پر بھی حیرانگی کا اظہار کیا کہ ڈومیسائل کی اجرائی میں کسی بھی قسم کی تحقیق کا طریقہ کار نہیں رکھا گیا ہے اورایک تحصیلدار سطح کا ایک آفیسر اقامتی سرٹیفکیٹ اجراء کرنے کا اہل ہوگا۔
مرکزی حکومت کی مبینہ دوغلی پالیسی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ نے کہا جہاں ملک میں 70سال سے قیام پذیر لوگوں کو شہریت ثابت کرنے کے لئے کہا جارہا ہے وہیں جموں وکشمیر میں 10سے 15سال قیام کرنے والوں کو شہری حقوق دیئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہند نے جموں وکشمیر کے لوگوں کے ساتھ امتیازی سلوک اب بھی جاری رکھا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here