پٹنہ : بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے آج کسی کانام لئے بغیر کہاکہ کچھ لوگوں کیلئے کنبہ صرف بیٹا ۔ بیٹی تک ہی محدو د ہے جبکہ ان کے لئے پورا بہار ہی کنبہ ہے اور اور وہ اس کی فلاح کیلئے کام کرتے ہیں، موقع ملا تو آئندہ بھی کرتے رہیںگے ۔
مسٹر کمارنے منگل کو اپنے موجودہ مدت کار میں افتتاح ، سنگ بنیاد اور آغاز سے متعلق ممکنہ آخری سرکاری پروگرام میں کہاکہ ” ہم لوگ خادم ہیں اور کام کرتے ہیں ۔ ہم لوگ کنبہ پروری والے نہیں ہیں ، ہمارے لئے پورا بہار کنبہ ہے اور سبھی کنبہ کے رکن ہیں لیکن کچھ لوگوں کا کنبہ محدود ہے ۔ ان کے لئے صرف بیٹا۔ بیٹی ہی پریوار ہے ۔ اس کے علاوہ کوئی نہیں ہے ۔ پارٹی کے اندر بھی جو لوگ ہیں انہیں بھی کوئی عزت نہیں ملتی ہے “۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ ” میرے لئے پورا بہار ایک کنبہ ہے اور ہم سب ایک کنبہ کے رکن ہیں ۔ بہار کے ہر شخص کا دھیان رکھتے ہیں۔ بہار کے کسی علاقے یا کسی طبقے کو نظر انداز نہیں کیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ انصاف کے ساتھ ترقی کا مطلب ہے ہر علاقے کی ترقی اور سماج کے ہر طبقے کی فلاح ۔ جو حاشیے پر تھے انہیں مین اسٹریم میں لانے کیلئے ان کی حکومت نے کام کیا ہے ۔ چاہے وہ دلت ، انتہائی پسماندہ ، خواتین اور اقلیت ہوں انہیں مین اسٹریم میںلانے اور سب کی فلاح کیلئے ان کی حکومت نے کام کیا ہے ۔
مسٹر کمار نے کہاکہ آج ممکن ہو کہ اس مدت کار کا آخری پروگرام ہو ، اس لئے وہ سبھی کو دل کی عمیق گہراﺅں سے مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوام مالک ہے اور اگر اس نے پھر سے انہیں خدمت کرنے کا موقع دیا تو وہ پھر مستعدی کے ساتھ ان کے لئے کام کریںگے ۔

