مفت میں ہوگی کورونا وائرس کی جانچ

0

نئی دہلی، 8 اپریل:سپریم کورٹ نے بدھ کے روز ایک اہم حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ تسلیم شدہ پرائیوٹ لیبارٹریوں میں بھی کورونا وائرس ’کووڈ -19‘ کی جانچ مفت کی جائے گی ۔ کورٹ نے دن میں سماعت کرتے ہوئے کہا تھا کہ پرائیوٹ لیبارٹریوں میں کورونا وائرس انفیکشن کی جانچ کے لئے زیادہ فیس نہیں وصول کی جا سکتی اور وہ اس معاملے میں اپنا حکم سنائے گا ۔ اس کے بعد عدالت نے شام کو عبوری حکم جاری کیا، جس میں اس نے واضح کیا ہے کہ جس طرح سرکاری اسپتالوں میں کورونا وائرس انفیکشن کی جانچ مفت ہو رہی ہے،ویسے ہی حکومت کی طرف سے تسلیم شدہ لیبارٹریوں میں بھی یہ جانچ مفت کی جائے گی ۔ جسٹس اشوک بھوشن اور جسٹس ایس رویندر بھٹ کی بینچ نے اپنے عبوری حکم میں کہا ہے کہ مرکزی حکومت اس معاملے میں فوری طور پر ضروری ہدایات جاری کرے گی ۔ عدالت نے عرضی گزار ششانک دیو سدھي کی دلائل کو ابتدائی نظر میں صحیح مانتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت پرائیوٹ لیبارٹریوں کو بھی آگے بڑھ کر ملک کی خدمات کرنی چاہئے ۔ مفت جانچ کے لے ان لیبارٹریوں کو حکومت کی جانب سے کچھ رقومات فراہم کی جانی چاہئے یا نہیں، اس تعلق سے بعد میں فیصلہ کیا جائے گا ۔عدالت نے کہا کہ اس قومی بحران کی گھڑی میں اس عالمی وبا پر قابو پانے کے لئے پرائیوٹ اسپتالوں اور لیبارٹریوں کو اہم کردار نبھانا ہو گا ۔ عدالت نے کہا ’’ اس لئے ہم اس بات کے تعلق سے مطمئن ہیں کہ عرضی گزار نے تسلیم شدہ لیبارٹریوں کو مفت جانچ کرنے کے لئے مدعا علیہان کو ہدایت دینے کا صحیح معاملہ اٹھایا ہے‘‘ ۔ بنچ نے کہا’’ اب سوال اٹھتا ہے کہ کیا کورونا وائرس انفیکشن کی جانچ کرنے والی پرائیوٹ لیبارٹریوں کو جانچ پر آئے اخراجات کا پیسہ ملے گا یا نہیں، اس معاملے پر بعد میں غور کیا جائے گا ۔ ہمارا خیال ہے کہ کووڈ -19 سے متعلق جانچ این اے بی ایل (نیشنل ایکریڈیشن بورڈ فار ٹیسٹنگ اینڈ کیلبریشن لیبارٹریز ) سے تسلیم شدہ لیبارٹریوں یا آئی سی ایم آر ( انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ ) سے منظور شدہ ایجنسیوں کی طرف سے ہی کی جانی چاہئے ۔ عرضی گزار مسٹر سدھي نے سرکاری لیبارٹریوں کی طرح ہی پرائیوٹ لیبارٹریوں میں کورونا وائرس انفیکشن کی جانچ مفت کرائے جانے کی عدالت سے درخواست کی تھی ۔ اس سے پہلے سماعت کے دوران بنچ نے مرکزی حکومت سے کہا تھا کہ وہ ایسا کوئی ایسا طریقہ کار مرتب کرے، جس کے تحت پرائیوٹ لیبارٹری کی جانچ فیس حکومت واپس کر سکے ۔ مرکزی حکومت کی جانب سے پیش سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے کہا تھا کہ وہ اس معاملے میں حکومت کا موقف جاننے کی کوشش کریں گے ۔ عرضی گزار نے گزشتہ 31 مارچ کو ایک عرضی دائر کرکے سرکاری لیبارٹریوں کی طرز پر ہی پرائیوٹ لیبارٹریوں میں کورونا وائرس ’کووڈ -19‘ کے انفیکشن کی جانچ مفت کرانے کی ہدایت مرکزی حکومت کو دینے کی مانگ کی تھی ۔ مسٹر سدھي نے کورونا وائرس انفیکشن کی جانچ کے لئے پرائیوٹ لیبارٹریوں میں 4500 روپے کی فیس مقرر کئے جانے کے حکومت کے فیصلے کو من مانا اور غیر سنجیدہ قرار دیا تھا ۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here