لکھنؤ:14اپریل(زمینی سچ) اترپردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اجے کمار للو نے وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے ملک گیرلاک ڈاؤن میں 3مئی تک کی توسیع کئے جانے کے فیصلے کا استقبال کرتے ہوئے قوم کے نام ان کے خطاب پر سوالیہ نشان لگائے ہیں۔اور مطالبہ کیا کہ حکومت لاک ڈاؤن کے ساتھ بڑے پیمانے پر ٹیسٹنگ بھی کرائے۔کانگریس ریاستی صدر نے قوم کے نام وزیر اعظم کے خطاب کو دکھاوے سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کو بتانا چاہے کہ ان کی حکومت نے کورونا وائرس سے نبردآزماہونے کے لئے کیاکیا انتظامات کئے ہیں۔انہوں نے سوال کیا کہ کیا پی پی ای کا نظم ہوپایا ہے؟کیا ملک میں ٹسٹ کٹ وافر مقدار میں موجود ہیں؟مسٹر للو نے کہا کہ ملک کی عوام پرامید تھے کہ وزیرا عظم ان اور ان جیسے متعدد سوالوں کے جواب دیں گے لیکن ان کا پورا خطاب”نو راشن۔ونلی بھاشن”کے ارد گر گھومتا رہا۔ جس کا صاف مطلب ہے کہ وزیر اعظم کے خطاب میں دکھاوا زیادہ اور کام کی باتیں کم ہیں۔بیرون ریاست میں پھنسے مہاجر مزدوروں کے لئے گئے انتظامات کے بارے میں تفصیل طلب کرتے ہوئے ریاستی صدر نے کہا کہ کئی جگہوں سے ایسی خبریں آئی ہیں کہ لوگ بھوک کی وجہ سے دم توڑ رہے ہیں۔حکومت ان تک راشن پہنچانے کے لئے کیا انتظامات کررہی ہے۔انہوں نے اب تک غریبوں کے لئے اعلان کئے گئے راحت پیکج کو ناکافی بتاتے ہوئے گاؤں میں رہنے والے غریبوں کو مالی مدد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

