
لکھنؤ۔لاک ڈاؤن کے دوران علاقہ کا تحفظ اورصفائی نظام کو درست رکھنے کے لیے متواتر خدمات انجام دینے والے ’کورونا
ہیروز‘ کا استقبال کیاگیا۔ صحابہ ایکشن کمیٹی کے تحت اہل محلہ راجہ بازار، پاٹانالہ، تھوی ٹولہ، چڑی مار ٹولہ، کوڑے والے گلی، دریائی ٹولہ، وغیرہ محلوں کے لوگوں نے پولیس اور صفائی ملازمین کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ ان پر گلپوشی کی۔ استقبالیہ کا آغازراجہ بازار کراسنگ واقع مسجد سبحانیہ پرہوا، جہاں صحابہ ایکشن کمیٹی کے بانی و صدر عبدالوحید فاروقی کے علاوہ مسجد سبحانیہ کے امام و خطیب قاری محمد صدیق،غفران احمد خاں اچھے بھائی، فرید نیتا، زیدا حمد وغیرہ نے چوکی انچارج پاٹانالہ، چوکی انچارج گلی چھاچھڑا کے علاوہ بیٹ کے سپاہیوں کی گلپوشی کرتے ہوئے ان کا استقبال کیا۔ اسی طرح ان محلوں میں صفائی کی خدمات انجام دے رہے درجنوں صفائی ملازمین معہ سپروائزر کو بھی ہار پہنایاگیا۔ اس کے بعد مسجد کراسنگ سے پولیس اہلکاروں اورصفائی ملازمین وہاں سے پاٹانالہ روڈ کے اندر تک پیدل مارچ کیا۔ راستہ بھر لوگوں نے گھروں سے ان ہیروز پر پھولوں کی بارش کی۔ اس موقع پر سول ڈیفنس کے وارڈنوں نے نہ صرف پورے پیدل مارچ کو کنٹرول کیا بلکہ وہ مائکرو فون سے لوگوں کو لاک ڈاؤن کی پابندی کے ساتھ ساتھ معاشرتی فاصلہ کو برقرار رکھنے کی بھی تلقین کرتے رہے۔ راستہ میں لوگوں نے ان ہیروز کو ناشتہ کے پیکٹ، پانی کی بوتلیں بھی پیش کی۔ اس کے علاوہ صفائی ملازمین کو نقد نذرانہ بھی پیش کیا۔ جنہیں ان لوگوں نے قبول کرتے ہوئے اسی طرح محنت سے عوام کی خدمات انجام دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ نذرانہ وگل پاشی کرنے والوں میں فرید احمد نورعالم پنو، محمدا نس، ضیاء الہدی فاروقی،محمد احسان کلو، وغیرہ پیش پیش رہے۔ وہیں سول ڈیفنس یحیٰ گنج۔1 کے پوسٹ وارڈن محرم علی سمیت ڈپٹی پوسٹ وارڈن حسیب احمد، سید محمد انس علی، عبدالرشید، محمد کام، راکیش بہاری گپتا وغیرہ خاص طورپر موجود تھے۔ استقبال کے بعد سول ڈیفنس کے وارڈن اور پولیس اہلکاروں نے بھی تمام لوگوں کو گھر میں واپس جانے کی تاکید کی۔
