بڑوانی: مدھیہ پردیش کے ضلع بڑوانی کے ٹھیکری پولیس تھانہ علاقہ میں ایک خاتون کے کاشتکار شوہر کو باندھ کر اجتماعی عصمت دری کے معاملے میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
آج ٹھیکری یپہنچے نمانڈ رینج کے پولیس ڈپٹی انسپکٹر جنرل نے بتایا کہ ایک تیس سالہ خاتون کی شکایت پر گذشتہ رات 4 افراد کے خلاف اجتماعی عصمت دری اور لوٹ کا معاملہ درج کرکے ان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 14 جولائی کو خاتون کی طبعیت خراب ہونے کی وجہ سے اپنے شوہر کے ساتھ دو پہیہ گاڑی پر سوار ہوکر ایک رشتہ دار کے یہاں ضلع کھرگون کے بالکوڑا تھانہ علاقہ گئی تھی۔
وہاں سے اپنے آبائی گاؤں واپس آنے کے دوران ضلع بڑوانی کے ٹھیکری پولیس تھانہ علاقے کے تحت بارو پھاٹک کے نزدیک آگرہ ممبئی نیشنل شاہراہ پر رفع حاجت کے لئے رکی ۔ وہاں محکمہ جنگلات کی ایک نرسری کے اندر چلی گئ ، لیکن وہاں چکر آنے سے وہ لیٹ گئی۔ تھوڑی دیر تک نہیں آنے کے بعد ، اس کا شوہر دوپہیہ گاڑی قومی شاہراہ پر چھوڑ کر اسے نرسری میں ڈھونڈنے آیا۔
اس دوران وہاں پہنچے دو نوجوانوں نے اس کے شوہر پر شک کرتے ہوئے اس سے مارپیٹ کی اور اسے درخت سے باندھ دیا اوراس سے 24 ہزار روپے چھین لئے ۔ اس کے بعد انہوں نے دو دیگر لوگوں کو وہاں بلا لیا ۔ چاروں نے خاتون کی عصمت دری کی ۔ واقعے کے بعد ملزم نے خاتون اور اس کے شوہر کو اپنے دو پہیہ پر بیٹھنے کو کہا اور حتیٰ کہ انہیں کچھ دور چھوڑنے بھی گئے ۔ اس دوران انہوں نے واقعہ کو کسی کونہ بتانے کی دھمکی بھی دی۔ ملزمان نے اپنی گاڑی کی نمبر پلیٹ پر کپڑا لگا رکھا تھا ۔
دھمکی کی وجہ سے وہ واقعے کے دن شکایت درج کرانے نہیں آئے اور گذشتہ رات انہوں نے ٹھیکری پولیس تھانہ میں معاملہ درج کرنے کی ہمت کی ۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملے میں پوچھ گچھ کے لئے کچھ لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔

