شبلی نعمانی نے بیت الحکمت کی طرز پر دارالمصنفین کو قائم کیا:پروفیسر اخترالواسع

0

نئی دہلی:علامہ شبلی عارف بھی تھے اور دائرۃ المعارف بھی۔المامون کے لکھنے والے نے بیت الحکمت کی طرز پر دارالمصنفین شبلی اکیڈمی کو قائم کیا۔جس نے علمی ہمہ جہتی کو اردو میں درجہ کمال کو پہنچا دیا۔پروفیسر اخترالواسع نے ان خیالات کا اظہار اصلاحی ہیلتھ کیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ’دارالمصنفین شبلی اکیڈمی:ایک صدی کا قصہ‘ کے عنوان سے منعقدہ بین الاقوامی ویب نارمیں مجلس صدارت کے ایک رکن کی حیثیت سے کیا۔مجلس صدارت کے اراکین میں پروفیسرخالد محمود اورمولانا محمد طاہر مدنی کے نام نامی شامل ہیں۔
بین الاقوامی ویب نار میں ڈاکٹر انوار غنی(نیوزی لینڈ) بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے جبکہ جناب شکیل احمد صبرحدی نے مہمان اعزازی کے طور پر شرکت کی۔ پروگرام کے آغاز میں قرآن پاک کی تلاوت ڈاکٹر شاہ نواز فیاص نے کی۔نظامت کا فریضہ ڈاکٹر عمیر منظر نے انجام دیا۔تکنیکی امور کی دیکھ بھال راحیل مرزانے کی۔حکیم نازش احتشام اعظمی نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔
سلسلہ کلام کو جاری رکھتے ہوئے پروفیسر اخترالواسع نے کہا کہ آج کے ویب نار میں مصراور ایران کے دانشوروں کی شمولیت ان پر چلے آرہے شبلی کے علمی قرض کی ادائیگی کی صورت میں بھی دیکھنا چاہیے۔ کیونکہ انھو ں نے اسکندریہ کے کتب خانے کے جلائے جانے پر جو مسکت،مبسوط اور مدلل جواب دیا آج تک مستشرقین اس کا جواب نہیں دے سکے۔
پروفیسر اخترالواسع نے کہا کہ اسی طرح شعرالعجم اور موازنہ انیس و دبیر نے ایران اور فارسی زبان کو مقبول عام بنایا۔اس موقع پر انھوں نے اکیڈمی کے مالی استحکام کے سلسلے میں جاری کوششوں کی ستائش کی اور اس کے لیے اپنے بھر پور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔مجلس صدارت کے رکن اور شبلی اکیڈمی کے مجلس انتظامیہ کے رکن پروفیسر خالد محمود نے کہا کہ اکیڈمی سے وابستگی میرے لیے سعادت کی بات ہے۔انھوں نے اس موقع پر کہاکہ شبلی اکیڈمی کی ایک صدی کی خدمات قابل فخر ہے اور آج ضرورت ہے کہ اکیڈمی کو مضبوط و مستحکم کیا جائے تاکہ اس کی خدمات کا سلسلہ جاری رہے۔
پروفیسر خالد محمود نے کہا کہ اسلام اور مسلمانوں کی تاریخ اور تہذیب کے فروغ و استحکام کا کوئی ذکر شبلی اکیڈمی کے بغیر مکمل نہیں ہوسکتا۔یہ ہمارے لیے فخر اور سعادت کی بات ہوگی کہ ایک ایسے تاریخ ساز ادارے کو ہم قائم و دائم رکھیں۔مجلس صدارت کے فاضل رکن مولانا محمد طاہر مدنی نے کہا کہ نئی نسل کو اکیڈمی کے لٹریچر سے متعارف کرانے کے لیے ضروری ہے کہ اس کا دیگر زبانوں خصوصاً ہندی میں ترجمہ کیا جائے۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ آج کل کے حالات کے لحاظ سے ہماری کیا ضروریات اور ترجیحات ہیں اس پر بھی کام ہونا چاہیے۔اس موقع پر انھوں نے اکیڈمی کی مالی حالت کو مستحکم کرنے کے لیے بعض عملی منصوبہ بھی پیش کیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here