ابوسعد اعظمی
علامہ شبلی نعمانیؒ کے کارنامے بڑے وسیع،وقیع،وزنی اور گوناگوں ہیں۔وہ افق ادب پر ایک دو بار نہیں بار بار چمکے ہیں اور ہر مرتبہ ایک نئے اور نرالے انداز سے۔شبلی صرف ایک شاعر،ادیب ،انشاپرادز یا نقاد نہیں، وہ صرف ایک مضمون نگار اور مورخ بھی نہیں، مزاج کے اعتبار سے خالص مشرقی ہوتے ہوئے بھی ان کا طریقِ مطالعہ، استدلال اور طرز جدید ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ محض نقال یا مقلد نہیں ہیں اور نہ ان کی تحریریں محض مغربی مصنفین کے خیالات کا خلاصہ یا ان کی صدائے بازگشت ہیں۔ ان کا سب سے بڑا کارنامہ اسلام اور مسلمانوں کو اس سیلاب سے بچانا تھا جو مغرب سے اٹھا تھا اور اس اعلان سے اٹھا تھا کہ اپنی رو میں ہر چیز کو بہا لے جائے گا۔انہوں نے مغربی ایجادات وانکشافات، تحقیقات اور فلسفے کے خلاف اپنی تحریروں سے ایک سد سکندری کھڑی کردی جسے آج تک کوئی طوفان ہلا نہ سکا۔ مسلمانوں کی تاریخ، ان کے علوم وفنون،عربی زبان، فارسی ادب،جدید وقدیم فلسفہ پر شبلی کی نظر ان کے معاصرین میں سب سے زیادہ وسیع تھی۔اسلام پر یورپ کے معترضین کا جواب دینے کے لیے جس وسعت نظر،ذوق تلاش، طرز استدلال اور نکتہ سنجی کی ضرورت تھی اس کی مثال شبلی کے علاوہ دوسری نہیں ملتی۔ شبلی درحقیقت ایک تحریک، ایک دبستاں ہیں جس میں ان کے شاگرد اور لائق جانشیں سید سلیمان ندوی اور ان کے ساتھیوں کے علاوہ ملک کے دور دراز گوشوں میں اسلامی تاریخ، ثقافت ،زبان وادب ،مذہب ومعاشرت پر لکھنے والے شبلی کے نظریات کے علم بردار ہیں۔ اور ان کی تحریروں سے روشنی کے ایک بلند مینار کی طرح ہدایت پاتے ہیں۔شبلی نے عمر کے آخری حصہ میں دارالمصنفین کی شکل میں دنیا کو ایک ایسا بے نطیر تحفہ دیا جس کو دور حاضر کا بیت الحکمت کہیں تو بے جا نہ ہوگا۔ گذشتہ ایک صدی کے طویل عرصہ میں دارالمصنفین نہایت سازگار حالات کے باوجود علم وادب کی بے مثال خدمت کے ساتھ اپنے گراں بہا لٹریچر کے ذریعہ وطن عزیز میں رہنے بسنے والے مختلف طبقوں کے درمیان باہمی مفاہمت اور اتحاد ویگانگت پیدا کرنے اور ان کو ایک دوسرے سے قریب لانے کا جو عظیم الشان کارنامہ انجام دیا ہے وہ بے مثال ہے۔اکیذمی نے یہ کام جن حالات میں اور جس سطح اور پیمانے پر کیا ہے وہ قابل فخر بھی ہے اور دلخراش بھی۔
دارالمصنفین علامہ شبلی کا ایک خواب تھا جس کو ان کے شاگردوں نے پورا کیا جو سب کے سب ندوی تھے سوائے مولانا حمید الدین فراہیؒ کے جو کہ صدر اور سرپرست تھے وہ بھی ان کے شاگرد تھے اور ظاہر ہے کہ وہ اس نسل کے تھے جب ندوۃ العلما قائم نہیں ہوا تھا۔ علامہ شبلی مسلم قوم کی ترقی کے لیے اس بات کو ضروری سمجھتے تھے کہ اچھا صالح لٹریچر فراہم کیا جائے، مصنفین کی ایک اچھی جماعت تیار کی جائے،ایک اچھی لائبریری قائم کی جائے اور ایسے وسائل فراہم کیے جائیں کہ یہ محققین دنیا کے مسائل سے مستغنی ہوکر دن رات تحقیق اور مطالعہ میں مشغول رہیں اور جب اس کے نتائج کو قرطاس کے حوالہ کرنے کے لائق ہوجائیں تو اسے دنیا کے سامنے پیش کیا جاسکے۔جولائی ۱۹۱۴ میں دارالمصنفین کا خاکہ شائع کیا گیا اور اسے بہت پسند کیا گیا ،لیکن چند ماہ بعد ہی شبلی نے اس دار فانی کو الوداع کہہ دیا۔ان کی وفات کے تیسرے روز ہی ایک مجلس بنی، جس کے ابتدائی کارکنان میں فراہی، سیدسلیمان ندوی، مسعود علی ندوی، عبد السلام ندوی، شبلی متکلم ندوی وغیرہ شامل تھے ۔بعد میں علامہ اقبال، جسٹس کرامت حسین، عبد الماجد دریا آبادی، بلگرامی شامل کیے گئے۔۱۹۱۵ میں اس کا اپنا پریس قائم ہوا، جولائی ۱۹۱۶ میں معارف کا پہلا شمارہ شائع ہوا۔ اور گذشتہ ایک صد ی سے مسلسل بلا ناغہ شائع ہورہا ہے۔مجلات کی دنیا میں اس کی کوئی دوسری مثال نہیں ۔معارف کے معیار کے سلسلہ میں ڈاکٹر حمید اللہ اور دیگر اہل علم نے جو خیالات ظاہر کیے ہیں اس سے اس کی عظمت کا اندازہ کیا جاسکتا ہے۔ وہاں سے شائع شدہ کتب کی فہرست پر ایک نگاہ ڈال کر اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ دارالمصنفین نے کس پائے کی کتابیں شائع کی ہیں۔ گذشتہ ایک صدی میں اس نے اسلامی علوم وفنون، تاریخ اسلام، تاریخ ہند ،ادب، تنقید، سیرت، سوانح، فلسفہ اور علم کلام پر جو لٹریچر شائع کیا ہے اس کی مثال کسی اور ادارہ کے لیے ممکن نہیں ہے کہ پیش کرسکے۔اس لٹریچر نے مسلمانوں کی ذہن سازی اور ان کی ذہنی وعقلی تربیت میں جو کردار ادا کیا ہے وہ شاید کسی اور ادارے نے نہیں کیا ہوگا۔دارالمصنفین نے مسلمانوں کو نہ صرف یہ کہ ان کے قدیم ورثہ سے آگاہ کیا بلکہ ان سے اس کے رشتہ کو جوڑ دیا۔ہندوستان کی تاریخ پر یہاں سے جو کام ہوا ہے وہ بھی بے مثال ہے۔مسلمانوں کے دور حکومت کے بارے میں بے شمار غلط فہمیاں پھیلائی گئیں، انگریزوں نے جس طرح اسے تاریک دور کی حیثیت سے پیش کرنے کی کوشش کی اور جو کچھ آج ہورہا ہے وہ آپ کی نگاہوں کے سامنے ہے۔اس کا جس طرح کا جواب سید صباح الدین عبد الرحمن اور ان کے دوسرے رفقا نے دیا ہے واقعہ یہ ہے کہ اس طرح کا لٹریچر کہیں اور تیار نہیں ہوا ہے۔مسلمانوں کے لیے، تاریخ اور اس پر ہونے والے حملوں کے لیے،مستشرقین اور اسلام کے تعارف کے لیے اس کی کوئی مثال نہیں ہے۔ استشراق کی تحریک بنیادی طور پر اسلام کی جڑوں کو کمزور کرنے کے لئے وضع کی گئی۔شروع سے ہی جن چیزوں پر مستشرقین نے سب سے زیادہ زور دیا، ان میں اسلامی تاریخ،قرآن وحدیث کی صحت وعدم صحت کا مسئلہ، پیغمبر اسلام کی زندگی مستشرقین کے بنیادی موضوعات تھے۔یہ وہ چیزیں ہیں کہ اگر ان میں سے کسی ایک کے بارے میں بھی مسلمان کے ذہن میں شک پیدا ہوجائے تو سارا قصہ ختم ہوجاتا ہے۔ان سوالات کا جواب دینے کا جو سلسلہ سرسید نے خطبات احمدیہ لکھ کر شروع کیا تھا،اس سلسلہ کو علامہ شبلی نے کہیں آگے بڑھایا اور علمی وعقلی بنیادوں پر اس کا جو جواب دیا ہے اس کی کوئی اور نظیر نہیں ملتی۔مختصر یہ کہ دارالمصنفین کی مسلمانوں کے لیے جو خدمات ہیں وہ غیر معمولی ہیں۔ فراہی، سید سلیمان ندوی، عبدالسلام ندوی، مسعود علی ندوی، شاہ معین الدین ندوی، سید صباح الدین، ضیاء الدین اصلاحی، اشتیاق ظلی اور عمیر الصدیق ندوی نے جس ذمہ داری اور احساس کے ساتھ اس کی پاسبانی کی ہے اس کی برکت سے یہ سلسلۃ الذہب قائم ہوکر علم ودانش اور تہذیب وشائشتگی کے بے مثال روایت میں ڈھل گیا۔ دارالمصنفین کی شکل میں علم ودانش کی ایک ایسی کہکشاں آباد ہے جس کی ضوفشانی کا عمل مستقل ومستمر جاری ہے۔قناعت اور سادگی کی ایک ایسی مثال دارالمصنفین کی تاریخ نے پیش کی ہے کہ اس کی تاریخ کے علاوہ شاید ہی کہیں اور پیش کی جاسکے۔ملک کی سیاست میں فطری طور سے تغیر وتبدل ہوتے رہے لیکن ہر سرد گرم سے بے نیاز ہوکر ملک میں جو ادارے علم وادب کا چراغ جلاتے رہے، بقول ڈاکٹر ذاکر حسین ان میں دارالمصنفین کی حیثیت سراج منیر کی ہے۔
دارالمصنفین کی ایک صدی پر محیط یہ تاریخ بڑی سادہ لیکن رنگین ہے۔ خون جگر کے بغیر یوں بھی کسی نقش کی آب وتاب ناتمام ہوتی ہے۔ یہ سو سال کیسے گزرے اس سے زیادہ اہم اور غور طلب سوال یہ ہے کہ دارالمصنفین کو نئی صدی میں درپیش مسائل کیا ہیں۔نئے زمانے کے نئے چیلنجز ہیں، آج پھر اسلامی تاریخ پر یلغار میں شدت ہے، خود ہندوستان میں نئے نئے حلقے پیدا ہورہے ہیں جو مسلمانوں، اسلام اور اسلامی تعلیمات کو طرح طرح سے نشانہ بنارہے ہیں۔ضرورت ہے ان کا دنداں شکن جواب دینے کی، لیکن وقت کے ہاتھوں ادارہ جس تکلیف دہ صورت حال سے دوچار ہے، دارالمصنفین کے بہی خواہان اس سے اچھی طرح واقف ہیں۔مسلمانوں کے اس عظیم قومی وملی ادارہ کی آمدنی کا مسلسل ذریعہ کبھی نہیں تھا، جب نوابین کا زمانہ تھا تو کسی نہ کسی طرح ان کی سرپرستی ہوجاتی تھی۔ اس کے علاوہ اس کی کتابوں کی فروخت سے اس کی بنیادی ضروریات پوری ہوتی تھیں۔ لیکن تقسیم ہند کے سانحہ اور پھر تاجران کتب کے غیر اخلاقی رویہ نے اس کی فروخت کو غیر معمولی طور پر متاثر کیا۔ اور مالی وسائل محدود ہوتے گئے اور اس حد تک محدود ہوئے کہ دارالمصنفین سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے اس کا احساس کسی معجزہ سے کم نہیں کہ دارالمصنفین اب تک باقی کیسے رہ گیا۔یہ شاید سیرت نبوی کا اعجاز اور سیرت سے اس کے گہرے تعلق کا نتیجہ تھا کہ یہ ادارہ باقی رہ گیا ورنہ اس کے باقی رہنے کی کوئی صورت نہیں تھی۔دار المصنفین کے سامنےکتابوں کی اشاعت نو، اس کے ہندی اور انگریزی ایڈیشن کی اشاعت، لائبریری کو جدید انداز میں منظم کرنا، اسکالرس ومحققین کو تیار کرنا،اسلامی ممالک میں گذشتہ چند دہوں میں شائع ہونے والی غیر معمولی اور اہم کتب کی حصولیابی، مغرب میں اسلام اور اسلامی تاریخ سے متعلق شائع شدہ موافق ومخالف کتب کی فراہمی وغیرہ کی شکل میں بے شمار چیلنجز ہیں لیکن ان سب کے لئے وسائل کی ضرورت ہے جو یہاں نہیں ہیں۔کرونا کے اس مہلک مرض نے ملک کے قومی اداروں کو جس عجیب صورت حال سے دوچار کیا ہے وہ کسی سے مخفی نہیں۔یہ وقت ملت اسلامیہ کے غیور فرزندوں اور اسلام کی نشاۃ ثانیہ کا خواب دیکھنے والوں کے لیے قربانی دینے کا وقت ہے، کہ وہ اپنے اس عظیم قومی وملی ورثہ کی حفاظت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور کم ازکم اس قدر مستقل سہارے کی فراہمی کا انتظام کریں کہ یہ ادارہ اپنے علمی منصوبوں کی تکمیل اور واجب ضروریات کو پورا کرسکے۔ گذشتہ چند مہینوں میں میڈیا کی غیر اخلاقی صورت حال نے ارباب عقل وفہم کو جس طرح بے چین کیا ہے اس سے بجا طور پر توقع ہے کہ وہ اپنے اس عظیم ملی ورثہ کی حفاظت کے لیے خاطر خواہ اقدام کریں گے۔ (یہ مضمون پروفیسر ظلی کے مختلف خطبات کی روشنی میں قلم بند کیا گیا ہے)۔

