زی نیوز نے تبلیغی جماعت سے متعلق خبر چلانے پر کیوں مانگی معافی

0
130

نئی دہلی،10اپریل (یو این آئی) زی نیوز نے ارونا چل پردیش میں کورونا سے تبلیغی جماعت کے 11 متاثرین کی خبر کو انسانی بھول قرار دیتے ہوئے معافی طلب کی ہے۔ جمعےۃ علمائے ہند نے زی نیوز کے اسکرین شاٹ جاری کرکے یہ اطلای دی ہے۔
جمیعہ علمائے ہند کے جاری کردہ اسکرین شاٹ میں لکھا گیا ”ارونا چل پردیش میں کورونا متاثر صرف ایک مریض کی تصدیق ہوئی ہے۔ انسانی بھول سے زی نیوز پر ارونا چل پردیش میں تبلیغی جماعت کے 11 لوگوں کے متاثر ہونے کی خبر دکھائی گئی۔ اس غلطی کا ہمیں افسوس ہے“۔
ارونا چل پردیش میں سرکاری طور پر صرف ایک کورونا مثبت ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ زی نیوز نے تبلیغی جماعت کو بدنام کرنے کے لئے 11 تبلیغی جماعت کے لوگوں کے کوورنا سے متاثر ہونے کی خبر چلائی تھی۔ جمعےۃ علمائے ہند کی قانونی کارروائی کے لئے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے کے بعد زی نیوز نے معافی مانگی ہے۔
واضح رہے کہ جمعےۃ علمائے کے قومی صدر مولانا سید ارشد مدنی نے 7اپریل کو تبلیغی جماعت کے خلاف مہم چلانے والے اور اس سے متعلق جھوٹی خبر چلانے والے ٹیلی ویژن نیوز چینلوں کے خلاف سپریم کورٹ میں مقدمہ دائر کیا تھا۔ اس کے بعد زی نیوز کا یہ معذرت نامہ سامنے آیا ہے۔
خیال رہے کہ زی نیوز نے تبلیغی جماعت کے خلاف ایک مہم چھیڑ رکھی تھی اور مولانا ارشد مدنی کے بار بار اپیل کے باوجود زی نیوز سمیت متعدد چینلوں نے اپنی مہم جاری رکھی۔ جس کے بعد مولانا نے قانونی قدم اٹھاتے ہوئے متعدد نیوز چینلوں کے خلاف سپریم کورٹ میں مقدمہ دائر کردیا جو سماعت کے لئے منظور کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز جمعیۃعلماء ہند کی امدادی قانونی کمیٹی کی طرف سے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے خلاف سپریم کورٹ میں ایک عرضی داخل کی گئیتھی جسے سماعت کے لئے منظورکرلیا گیا ہے اس عرضی میں کہا گیا ہے کہ میڈیا مسلمانوں اور تبلیغی مرکز کو لیکر انتہائی غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ کررہا ہے اس کی متعصبانہ رپورٹنگ کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہئے۔ اوراس کے کوریج پر روک لگانے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے اس کے علاوہ شوشل میڈیا پر فرضی خبریں پھیلانے پر کارروائی کے لئے حکم دینے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں میڈیا اداروں کے ذریعہ مسلمانوں اور تبلیغی جماعت کو لے کر ہونے والی رپورٹنگ سے فرقہ واریت پھیل رہی ہے۔
اپنی عرضی میں جمعیۃ علمائے ہند نے میڈیا کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔تبلیغی جماعت کے خلاف ہورہے میڈیا ٹرائل پر ایڈوکیٹ اعجاز مقبول نے پٹیشن دائر کی ہے۔عرضی میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نظام الدین مرکز کو میڈیا فرقہ وارانہ رخ دے رہا ہے، درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تبلیغی جماعت سے متعلق پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کی رپورٹ نے“پوری مسلم قوم کو نشانہ بنایا اور مسلمانوں کی توہین کی گئی اور ان کی دل آزاری کی گئی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ میڈیا کے ذریعے جو رویہ اختیار کیا گیا اس سے مسلمانوں کی آزادی اور ان کی زندگی کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے ” جو دستور آئین میں دیئے گئے رائٹ ٹو لائف کے بنیادی حقوق کے خلاف ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here