دہلی میں نابالغ لڑکی کا وحشیانہ قتل، ملزم نوجوان اتر پردیش سے گرفتار

0

نئی دہلی: پولیس نے دارالحکومت دہلی کے بیرونی شمالی ضلع میں ایک 16 سالہ لڑکی کے وحشیانہ قتل کے ملزم کو اتر پردیش کے بلند شہر سے گرفتار کیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس راجہ بنتھیا نے پیر کو بتایا کہ ملزم محمد ساحل (20) کو بلند شہر سے گرفتار کیا گیا ہے۔ وہ فریج اور اے سی کا مکینک ہے۔ انہوں نے کہا کہ قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ یہ دل دہلا دینے والا واقعہ اتوار کی رات شاہ آباد ڈیری تھانہ علاقہ کی جے جے کالونی کے بی بلاک میں پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ متاثرہ لڑکی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کے لیے جا رہی تھی۔ اس دوران ساحل نے جو اسے پہلے سے جانتا تھا، اسے روکا اور پھر تیز دھار ہتھیار سے اس پر کئی وار کیا۔ پھر اس کا سر پتھر سے کچل دیا۔ قتل کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ متاثرہ ساکشی اور ساحل کے درمیان دوستی تھی لیکن واقعے سے کچھ دن پہلے کسی وجہ سے دونوں کے درمیان جھگڑے کے بعد بات چیت بند تھی۔ اس کی وجہ سے ساحل ساکشی سے بہت ناراض تھا۔ اس دوران اتوار کو دونوں اچانک آمنے سامنے آئے۔ الزام ہے کہ ساحل نے اس پر حملہ کردیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ساکشی جے جے کالونی میں اپنے خاندان کے ساتھ رہتی تھی۔ اس کے والد مزدوری کرتے ہیں۔ ان کی شکایت پر پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔ اس معاملے میں وائرل ایک سی سی ٹی وی ویڈیو کی ابتدائی جانچ کے بعد فوری طور پر چھ ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ اس دوران پولیس کو ساحل کے بلند شہر میں ایک رشتہ دار کے گھر چھپے ہونے کی اطلاع ملی۔ اس بنیاد پر پولیس نے وہاں چھاپہ مار کر اسے گرفتار کر لیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here