لکھنؤ: اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے تباہ حال فصلوں کے معاوضہ دینے میں لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے 17اضلاع کے افسران سے جواب طلب کیا ہے۔
دراصل وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے حال ہی میں مختلف آفات سے تباہ ہوئی فصلوں کے معاوضے اور دیگر راحت کے حوالے سےجائزہ میٹنگ کی۔اس دوران انہوں نے غلطیوں کی وجہ سے فصلوں کے نقصان کی دوبارہ تصدیق میں لاپرواہی اور معاوضہ نہ دینے پر برہمی کا اظہار کیا اور عہدیداروں کو واضح ہدایت دی کہ ایسے معاملات میں فوری طور پر تصدیق کرائی جائے اور کسانوں کو معاوضہ کی رقم فراہم کی جائے۔
قابل ذکر ہے کہ فصلوں کو ہونے والے نقصان کی تصدیق کے بعد ریاستی حکومت کسانوں کو معاوضہ کی رقم اور دیگر راحت فراہم کرتی ہے لیکن کچھ معاملات میں تکنیکی خرابیوں کی وجہ سے کچھ کسانوں کی فصلوں کی تصدیق مکمل نہیں ہو سکی۔ان کی دوبارہ تصدیق نہیں کی گئی، جس کی وجہ سے کچھ کسانوں کو حکومت کی طرف سے فراہم کردہ ریلیف اور معاوضہ کی رقم نہیں مل سکی۔ اس پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے سی ایم یوگی نے حکام سے جواب طلب کیا ہے اور محروم کسانوں کو فوری معاوضہ دینے کی ہدایت بھی دی ہے۔
وزیرا علی نے جائزہ میٹنگ میں پایا کہ مالی سال 2021-22 اور سال 2022-23 میں آفات سے متاثر ہونے والی فصلوں سے متاثر ہونے والے ہزاروں کسانوں کو ڈیٹا فیڈنگ کے دوران آدھار، اکاؤنٹ نمبر اور ڈپلیکیسی کی وجہ سے معاوضہ ادا نہیں کیا جاسکا۔جبکہ دوبارہ تصدیق کے بعد معاوضے سے محروم کسانوں کو امدادی رقم فراہم کرنے کی ہدایت دی تھی۔یوگی کی ہدایات کے باوجود ریاست کے کئی اضلاع کے عہدیداروں نے تباہ شدہ فصلوں سے متاثر کسانوں کا سروے نہیں کیا۔ جس کی وجہ سے کسانوں کو وقت پر معاوضہ نہیں مل سکا۔
اس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے سخت سرزنش کی۔ یہی نہیں، انہوں نے لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے والے 17 اے ڈی ایم ایف آر سے جواب طلب کیا اور سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔ یوگی کی ناراضگی کے بعد عہدیداروں نے کارروائی کرتے ہوئے اپنے اپنے اضلاع میں معاوضہ سے محروم کسانوں کا دوبارہ سروے کراکر حکومت سے بجٹ کا مطالبہ کیا۔
ایڈیشنل چیف سکریٹری ریونیو سدھیر گرگ نے کہا کہ ریاست کے مختلف اضلاع سے تباہ شدہ فصلوں سے متاثرہ کسانوں کو فوری معاوضہ فراہم کرنے کی مانگ کے مطابق فنڈز دستیاب کرائے جا رہے ہیں۔اب تک 35 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم ادا کی جا چکی ہے۔ اس کے علاوہ مختلف اضلاع کے ضلع مجسٹریٹس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ جلد از جلد معاوضے سے محروم کسانوں کی تصدیق کریں اور رقم کا مطالبہ کریں تاکہ کوئی کسان اس سے محروم نہ رہے۔
ایڈیشنل چیف سکریٹری ریونیو نے کہا کہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی ہدایت پر لاپرواہی پر 17 اضلاع کے اے ڈی ایم ایف آر سے جواب طلب کیا گیا ہے۔ان میں علی گڑھ، ہاتھرس، بارہ بنکی، مئو، بریلی، بدایوں، امبیڈکر نگر، شاہجاں پور ، مہوبہ، دیوریا، کشی نگر، مہاراج گنج، جھانسی، للت پور، غازی آباد، بجنور اور کوشامبی کے اے ڈی ایم ایف آر شامل ہیں۔ سبھی اے ڈی ایم کو ایک ہفتے میں اپنا جواب حکومت کو فراہم کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

