اندور:مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے مدھیہ پردیش میں آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل بھارتیہ جنتا پارٹی کے کارکنوں کو زبردست جیت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ مدھیہ پردیش میں بی جے پی کی تنظیم ملک میں سب سے بہتر ہے اور کارکنان بھی اس میں حصہ لیں گے۔ آنے والے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو 29 میں سے تمام 29 لوک سبھا سیٹوں پر کامیابی دلانے کے لیے کمر کس لیں۔
مسٹر شاہ یہاں بھارتیہ جنتا پارٹی کی ڈویژنل سطح کے بوتھ صدر کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس دوران ریاست کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان، مرکزی وزرا نریندر سنگھ تومر، بھوپیندر یادو، اشونی وشنو، پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری کیلاش وجے ورگیہ، پارٹی کے ریاستی یونٹ کے صدر وشنودت شرما اور ریاستی وزیر داخلہ ڈاکٹر نروتم مشرا بھی موجود تھے۔
اس دوران مسٹر شاہ نے کہا کہ ملک بھر میں بی جے پی کی سب سے اچھی تنظیم مدھیہ پردیش کی ہے۔ ددھیچی کی طرح کشابھاو ٹھاکرے نے بھی اس تنظیم کے لیے استھیاں عطیہ کیں۔ اس موقع پر انہوں نے راج ماتا وجئے راجے سندھیا کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شاہی خاندان کی روایات کے برعکس گاؤں گاؤں جاکر تنظیم کو مضبوط کرنے کے لیے کام کیا۔
مدھیہ پردیش کے عوام اور پارٹی کارکنوں سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں ریاست میں ایک لوک سبھا سیٹ بی جے پی کے کھاتے میں آنے سے رہ گئی تھی، اس بار اسے بھی بی جے پی کی جھولی میں ڈال دیں۔
انہوں نے ریاست میں 15 ماہ کی کمل ناتھ حکومت کو بھی نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کی فلاح و بہبود کے لیے 51 سے زیادہ اسکیمیں ایسی تھیں جنہیں شیوراج سنگھ چوہان حکومت نے شروع کیا اور کمل ناتھ حکومت نے انہیں بند کردیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بڑے کاموں کے ٹینڈر نکال کر ٹھیکیداروں سے کمیشن حاصل کرنے کے لیے غریبوں کی اسکیمیں بند کر دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ کمل ناتھ حکومت میں کوئی نئی صنعت نہیں آئی، صرف ’ ٹرانسفر انڈسٹری‘ ہی چالو رہی۔
کارکنوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے جناب شاہ نے کہا کہ بی جے پی کو کبھی بھی ڈائس پر بیٹھے لیڈر الیکشن نہیں جتاتے، پارٹی کو بوتھ ورکرس نے الیکشن جتایا ہے۔

