نئی دہلی : بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریر سننے کے لئے پنجاب میں جمع کسانوں پرہوئے حملے کی مذمت کی ہے۔
بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری دشینت گوتم نے ہفتے کے روز یہاں پریس کانفرنس میں کہا ، ’’گزشتہ جمعہ کو مسٹر اٹل بہاری واجپئی کی یوم پیدائش کے موقع پر وزیر اعظم نے ملک کے کسانوں سے نئے زرعی قوانین پر بات کی تھی۔ پنجاب میں بھی متعدد مقامات پر کسان مودی جی کا خطاب سننے کی تیاری کر رہے تھے ، لیکن پنجاب کی کانگریس حکومت کی سرپرستی اور پولیس کی ملی بھگت سے شرپسند عناصر نے پُرامن طریقے سے بیٹھے ہوئے کسانوں پر لوہے کی راڈ اور ڈنڈوں سے حملہ کیا جس میں بہت سے کسان زخمی ہوگئے ۔ ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ‘‘
انہوں نے الزام لگایا کہ پنجاب پولیس نےکانگریس کارکن کی طرح برتاؤ کیااور کسانوں پرہوئے حملے کو روکنے کی کوئی کوشش نہیں کی۔ پنجاب پولیس نے مسٹر مودی کے پروگرام سے کسانوں کو دور رکھنے کی کوشش کی۔
بی جے پی جنرل سکریٹری نے کہا کہ واضح ہے کہ جو کسان تحریک پرامن طریقے سے چل رہی ہے اسے کانگریس خون خرابے میں تبدیل کرنا چاہتی ہے۔ کانگریس کے ایک رکن پارلیمنٹ کا بھی میڈیا میں بیان آیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ یکم جنوری کے بعد دیکھئے گا کہ کس طرح خون خرابہ، قتل عام ہوگا اور لاشیں بچھیں گی۔ کانگریس لیڈران کے بیانات سے واضح ہے کہ آنے والے وقت میں کسی بھی طرح کا تشدد ہواتو اس کی ذمہ دارکانگریس ہوگی کیونکہ کانگریس کو خون خرابہ کرکے حکومت چلانے کی عادت پڑ گئی ہے۔

