رامپور: سماج وادی پارٹی(ایس پی)لیڈر و اترپردیش کےسابق کابینی وزیر اعظم خان کو ایک اور بڑا جھٹکا لگا ہے۔ اب ان کا توپ خانہ روڈ واقع دفتر دارالعلوم عوام اور رام پور اسکول کی لیز منسوخ ہوگئی ہے۔
اس کے لئے ریاستی حکومت کی جانب سے منگل کو کابینی میٹنگ میں لیز منسوخی کی تجویز کوپیش کیا گیا تھا۔ جسے اتفاق رائے سے منظوری مل گئی ہے۔ ساتھ ہی یہ زمین محکمہ ثانوی تعلیم کو واپس مل جائے گی۔ جس کے بعد دونوں عمارتوں کو خالی کرایا جائے گا۔
جس عمارت میں اسکول اور دفتر واقع ہے ان میں پہلے ضلع اسکول انسپکٹر، ضلع بیسک ایجوکیشن افسر اور سرکاری مرتضی ہائر سیکنڈری اسکول چلتے تھے۔ لیکن ایس پی حکومت کے دوران اعظم خان نے اپنے رسوخ کا استعمال کرتے ہوئے یہ عمارت محمد علی جوہر یونیورسٹی کے قیام کے لئےسال 2012 میں اپنے نام پٹا کرا لیا تھا۔
بی جے پی ایم ایل اے آکاش سکسینہ نے اس کی شکایت کی تھی۔ ان کا الزام تھا کہ مولانا محمد علی جوہر ٹرسٹ کے پٹہ باعلاج کے پوائنٹ نمبر 7 میں یہ واضح طور سے لکھا ہے کہ فراہم کی گئی زمین پر ایک سال کے اندر یونیورسٹی کو چلانے کے لئے تعمیر کرائی جائے گی۔ اس کے علاوہ کسی دیگر پروجکٹ کے لئے زمین کا استعمال نہیں کیا جسکتا ہے اور اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ پٹہ منسوخ ہوجائے گا۔
اس معاملے میں جانچ کے لئے ڈی ایم روندر کمار ماندڑ نے جانچ کے لئے کمیٹی تشکیل دی تھی۔ جانچ میں سبھی الزامات صحیح پائے گئے۔ جس پر ڈی ایم نے پٹہ منسوخ کرنے کی سفارش کی ہے۔ منگل کو ریاستی حکومت کی کابینی میٹنگ ہوئی۔ جس میں محمد علی جوہر یونیورسٹی کو فراہم کی گئی 3825 مربع میٹر زمین کی لیز کی منسوخی کی تجویز رکھی گئی۔ اور اتفاق رائے سے تجویز پر مہر ثبت کردی گئی۔ اب یہ زمین محکمہ ثانوی تعلیم کو ملنے کا راستہ صاف ہوگیا ہے۔
اس زمین کی قیمت تقریبا سو کروڑ روپئے ہے۔ دراصل یہ زمین قلعہ کو جانے والی روڈ کے کنارے واقع ہے۔ جس کا فرنٹ تقریبا آدھا کلو میٹر ہے۔ زمین کا کل رقبہ 3825 مربع میٹر ہے۔ محکمہ ریونیو کے افسروں کی مانیں تو زمین کی حقیقی قیمت تقریبا 100 کروڑ روپئے ہے جس کو ایس پی حکومت نے محض 100 روپئے سالانہ پر اعظم خان کی جوہر ٹرسٹ کو دستیاب کردیا گیا تھا۔

