اتراکھنڈ کا جمرانی ڈیم کثیر مقصدی پروجیکٹ پی ایم کے ایس وائی اے آئی بی پی کے ایس وائی میں شامل

0

نئی دہلی: حکومت نے پردھان منتری زرعی آبپاشی اسکیم- تیز رفتار آبپاشی فائدہ پروگرام ( پی ایم کے ایس وائی -اے آئی بی پی ) کے تحت اتراکھنڈ کے جمرانی ڈیم کثیر مقصدی پروجیکٹ کو شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں آج اقتصادی امور کی کمیٹی کی میٹنگ میں آبی وسائل، دریائی ترقی اور گنگا کی بحالی کے محکمے کی اس تجویز کو منظوری دی گئی۔ کمیٹی نے مارچ 2028 تک 2,584.10 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت کے ساتھ پروجیکٹ کو مکمل کرنے کے لیے اتراکھنڈ کو 1,557.18 کروڑ روپے کی مرکزی امداد کو منظوری دی ہے۔ اس پروجیکٹ میں اتراکھنڈ کے نینی تال ضلع میں دریائے رام گنگا کی معاون ندی گولا پر جمرانی گاوں کے قریب ایک ڈیم کی تعمیر کا تصور کیا گیا ہے۔ یہ ڈیم اپنے 40.5 کلومیٹر طویل نہری نظام اور 1981 میں مکمل ہونے والے 244 کلومیٹر طویل نہری نظام کے ذریعے موجودہ گولا بیراج کو پانی فراہم کرے گا۔
اس پروجیکٹ میں اتراکھنڈ کے نینی تال اور ادھم سنگھ نگر اضلاع اور اتر پردیش کے رام پور اور بریلی اضلاع میں 57,065 ہیکٹر (اتراکھنڈ میں 9,458 ہیکٹر اور اتر پردیش میں 47,607 ہیکٹر) کی اضافی آبپاشی کا تصور کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت دو نئی فیڈر کینال کی تعمیر کے علاوہ موجودہ نہروں کی 207 کلومیٹر کی تزئین و آرائش اور 278 کلومیٹر پختہ فیلڈ چینلز کو بھی عمل میں لایا جانا ہے۔اس کے علاوہ ، پروجیکٹ میں 14 میگاواٹ ہائیڈرو پاور جنریشن کے ساتھ ساتھ ہلدوانی اور آس پاس کے علاقوں میں 4 کروڑ 27 لاکھ کیوبک میٹر (ایم سی ایم) پینے کے پانی کی فراہمی کا بھی تصور کیا گیا ہے، جس سے 10.65 لاکھ سے زیادہ آبادی کو فائدہ ہوگا۔
پروجیکٹ کے آبپاشی کے فوائد کا ایک بڑا حصہ پڑوسی ریاست اتر پردیش کو بھی حاصل ہوگا، اور دونوں ریاستوں کے درمیان لاگت/فائدے کی تقسیم 2017 میں دستخط کیے گئے ایک ایم او یو کے مطابق کی جانی ہے۔حالانکہ پینے کے پانی اور بجلی کا فائدہ صرف اور صرف اتراکھنڈ کو ہی ملے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here