واشنگٹن،15اپریل:دنیا بھر میں کورونا وائرس کے وجود یں آنے کے بعد حالیہ دنوں میں اچانک سونگھنے یا چکھنے کی حس سے اچانک محرومی کا سامنا کرنے والے افراد میں کسی اور انفیکشن کے مقابلہ میں نئے نوول کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کا امکان 10 گنا زیادہ ہوسکتا ہے۔یہ بات امریکہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔اس سے پہلے بھی سونگھنے اور چکھنے کی صلاحیت سے محرومی کو کووڈ- 19 انفیکشن سے منسلک کیا گیا ہے مگر یہ پہلی ٹھوس سائنسی تحقیق میں جن میں ان دونوں کو کووڈ- 19 سے جوڑا گیا ہے۔کیلیفورنیا یونیورسٹی سان ڈیاگو کی تحقیق میں شامل کارول یان نے کہا”ہماری تحقیق کے مطابق، اگر آپ سونگھنے یا چکھنے کی حس سے محروم ہوگئے ہیں، تو آپ میں کووڈ- 19 کی تشخیص کا امکان 10 گنا زیادہ ہوتا ہے، اس وائرس کی سب سے عام علامت بخار ہی ہے مگر تھکاوٹ اور سونگھنے یا چکھنے کی حس سے محرومی بھی اس کی چند دیگر ابتدائی عام علامات میں شامل ہیںانہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ کووڈ- 19 انتہائی متعدد مرض ہے اور تحقیق ان شواہد کی حمایت کرتی ہے جن کے مطابق سونگھنے یا چکھنے کی حس سے محرومی کو اس وائرس کی ابتدائی علامات میں شامل کیا جانا چاہئے۔تحقیق کے دوران 1480 مریضوں کو شامل کیا گیا تھا جن میں فلو جیسی علامات موجود تھیں اور خدشہ تھا کہ وہ کووڈ – 19 کا شکار ہیں۔ان افراد کا جائزہ کیلیفورنیا یونیورسٹی سان ڈیاگو میں 3 سے 29 مارچ تک لیا گیا تھا اور ان میں سے 102 میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ 1378 کا ٹسٹ منفی رہا۔تحقیق کے دوران 102 میں سے 59 مریضوں کے نتائج کا تجزیہ بھی کیا گیا اور معلوم ہوا کہ ان میں سے 68 فیصد کی سونگھنے کی حس جبکہ 71 فیصد کی چکھنے کی حس ختم ہوگئی تھی۔محققین نے بتایا کہ سونگھنے یا چکھنے کی حس کی محرومی والے کیسز کی صحتیابی کی شرح بہت زیادہ ہوتی ہے اور عموماً 2 سے 4 ہفتے میں وہ ریکور کرلیتے ہیں۔کارول یان نے بتایا ”ہماری تحقیق سے نہ صرف یہ ثابت ہوتا ہے کہ سونگھنے اور چکھنے کی حس سے محرومی کووڈ- 19 کے مریضوں میں عام علامات ہیں بلکہ خوش قسمتی سے ہم نے یہ بھی دریافت کیا کہ ایسے افراد عموماً بہت تیزی سے صحتیاب ہوجاتے ہیں“۔

