کورونا کے تئیں لاپرواہی برتنے والے افسران کے خلاف ہوگی کاروائی:یوگی

0

لکھنؤ:13اپریل(زمینی سچ) تمام احتیاطی تدابیر اور ہر ممکن اقدام کے باجود ریاست میں کووڈ۔19 متاثرین کی بڑھتی تعداد سے فکر مند ریاست کے وزراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے پیر کو اضلاع کے افسران کو انتباہ دیا ہے کہ ان کے متعلقہ ضلع میں مذہبی مقام یا کسی دوسری جگہ پر لوگوں کے روپوش ہونےیا یا کووڈ۔19 کی جانچ میں لاپرواہی برتنے کی اطلاع پر وہی ذمہ دار ہوں گے۔اور ان کے خلاف کاروائی کی جائےگی۔
آج یہاں اپنی سرکاری رہائش گاہ پر ایک جائزہ میٹنگ میں وزیر اعلی نے کہا کہ سبھی اسپتالوں میں مکمل حفاظت اوراحتیاط برتتے ہوئے ایمرجنسی خدمات کو بحال کیا جائے۔ڈاکٹروں اور دیگر میڈیکل اسٹاف کے کووڈ 19کے انفیکشن سے بچاؤ کے سبھی اقدامات کئے جائیں۔اسپتالوں کو کووڈ 19کے انفیکشن سے بچانا اولین ترجیح ہونی چاہئے۔اس لئے ڈاکٹروں اورمیڈیکل اسٹاف کو کووڈ 19سے بچاؤ کے سلسلے میں مناسب تربیت اور ضروری آلات فراہم کرائے جائیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہاٹ اسپاٹ علاقوں میں کووڈ 19کے انفیکشن کی جانچ کی کارروائی کو تیز کیا جائے۔ اس کے لئے کیٹیگری بناکر اور ٹیمیں لگا کرجانچ کی کارروائی تیزی سے کی جائے۔ان علاقوں میں ڈور اسٹیپ ڈلیوری اور سینٹائزیشن کی کارروائی کو موثر بنایا جائے۔
انہو ں نے کہا کہ قرنطینہ میں 14دن کی مدت مکمل کر چکے افراد کی جانچ کراکر کووڈ 19کی کوئی علامت نہ ہونے پر، انہیں 14دن کے ہوم کوارینٹائن کیلئے ان کے گھر پہنچایا جائے۔ایسے افراد کیلئے بنیادی طور پر غذائی اجناس کا انتظام بھی یقینی بنایا جائے۔ان افراد کے نام ایڈریس سمیت فہرست تیار کر متعلقہ ضلع کی سرولانس ٹیم کو دستیاب کرایا جائے۔جانچ کے دوران کووڈ 19کے مشتبہ مریضوں کوقرنطینہ میں بھیجا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں رہ رہے دوسری ریاست کے شہریوں یا غیر ملکی افراد سے رابطہ کر ان کے مسائل کو حل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی منظر نامے میں امریکہ اور جاپان وغیرہ چین سے اپنی سرمایہ کاری ختم کرنا چاہتے ہیں۔یہ اتر پردیش کے لئے ایک موقع ہو سکتا ہے۔کمشنر برائے انفرااسٹرکچراور صنعتی ترقی،پرنسپل سکریٹری ایم ایس ایم ای،پرنسپل سکریٹری صنعتی ترقی مل کر اس سرمایہ کاری کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لئے منصوبہ بنائیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سبھی سرگرمیوں میں سوشل ڈسٹنسنگ کا لازمی طور پرخیال رکھا جائے۔منطقوں میں نوڈل افسر تعینات کر سوشل ڈسٹنسنگ کو یقینی بنایا جائے۔رضاکار اداروں کی طرف سے تیار کرائے گئے کھانے کی تقسیم ضلع انتظامیہ کی نگرانی میں مقررہ جگہ پر کرائی جائے۔کھانے کے معیار پر مکمل توجہ دی جائے۔دیہی علاقوں سے سبزیاں وغیرہ لا کر شہروں میں فروخت کرنے والے کسانوں کو تکلیف نہ ہو۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here