ڈاکٹر آنند تیلتومبے اور گوتم نولکھہ کی درخواست سپریم کورٹ سے خارج کیا جانا مایوس کن: پاپولر فرنٹ

0

نئی دہلی،13؍اپریل(زمینی سچ):پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے چیئرمین او ایم اے سلام نے سماجی کارکنان اور مصنف ڈاکٹر آنند تیلتومبے اور گوتم نولکھہ پر لگائے گئے مقدمات کو بے بنیاد اور سیاسی انتقام کا حصہ بتایا ہے۔ ڈاکٹر آنند تیلتومبے اور گوتم نولکھہ کی طرف سے کورونا وائرس کے خطرے کے چلتے چھ ہفتوں تک گرفتاری روکنے کے لئے دی گئی درخواست کو سپریم کورٹ نے خارج کر دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے ایک ہفتے کے اندر انہیں خودسپردگی کرنے کے لئے کہا ہے۔ جہاں بہت سے ممالک عالمی وبا کے خطرے کو دیکھتے ہوئے اپنے قیدخانوں کو خالی کرنے پر غور کر رہے ہیں، وہاں سپریم کورٹ نے ۶۵؍سال سے زائد عمر کے شہریوں کی صحت سے لاتعلقی اور اس طرح ان کی دل شکنی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ایک ایسے ملک میں جہاں پہلے سے ہی قیدخانے کافی بھرے ہوئے ہیں، عدالتوں کا عالمی حقائق سے نظریں چھپانا انتہائی حیران کن اور مایوس کن ہے۔ ان کی گرفتاری مبینہ طور پر ۱۴؍اپریل کو ہوگی، جس دن ہمارے دستور کے معمار ڈاکٹر بھیم رائو امبیڈکر کا یوم پیدائش ہے، اور یہ چیز ملک کے سامنے سنگین قسم کے سوالات کھڑے کر رہی ہے۔ان پر لگائے الزامات کے کوئی ثبوت نہیں ہیں اور یہ الزامات ۲۰۱۴ سے مودی حکومت کے ذریعہ شروع کئے گئے مخالفت کی آوازوں کو خاموش کرنے اور انتقام لینے کا حصہ ہیں۔یہ ناپاک اقدامات بتا رہے ہیں کہ کووِڈ-۱۹ کی وجہ سے صحتِ عامہ کو لاحق خطرات سے نمٹنے کو ترجیح دینے کے بجائے، مرکزی حکومت لاک ڈائون کا استعمال اپنے ظالمانہ تاناشاہی کردار کو تیزتر کرنے میں آسانی کے لئے کر رہی ہے۔ پاپولر فرنٹ کا مطالبہ ہے کہ آنند تیلتومبے اور گوتم نولکھہ کی گرفتاری کے فیصلے پر روک لگائی جائے۔ ساتھ ہی ہم کورونا وائرس کے خطرے سے بچنے کے لئے جیلوں سے تمام سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کا بھی مطالبہ کرتے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here