نئی دہلی: ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے آج کہا کہ ہندوستانی معیشت اندازے سے بہتر مظاہرہ کر رہی ہے اور تیزی سے پٹری پر لوٹ رہی ہے لیکن اس رفتار کو قائم رکھنے کے لیے مہنگائی کو قابو میں رکھنے کی ضرورت ہے۔
آر بی آئی نے دسمبر کے بلیٹن میں معیشت کی صورتحال پر کہا کہ ہندوستانی معیشت کووِڈ۔19 کی گہری کھائی سے باہر نکل رہی ہے اور ایک ایسی رفتار کا ثبوت ملتا ہے جو زیادہ تر تخمینوں کو پورا کرتی ہے۔
بلیٹن کے مطابق نومبر 2020 میں کاشت کاری اور مینوفیکچرنگ سرگرمیوں میں تیزی کے سبب معاشی حالت میں بہتری آ رہی ہے۔ شرح سود دہائیوں میں سب سے آسان سطح پر ہے۔ مشکل حالات کے باوجود تمام اسٹیک ہولڈر کی جانب سے جہد مسلسل سے ہندوستان کو تیز ترقی کی کٹیگری میں رکھا جا سکتا ہے۔
آر بی آئی نے کہا کہ معیشت میں بہتری آنے والی تیزی کو قائم رکھنے کے لیے مہنگائی کو قابو میں رکھنے کا منصوبہ کیے جانے کی ضرورت ہے۔ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ نومبر کے آخر میں قومی شماریات کے دفتر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق پہلی سہ ماہی میں کووِڈ۔19 وبا کی روک تھام کے لیے کیے گئے منصوبوں کی دوسری سہ ماہی میں بہت کم اثر نظر آیا اور معیشت زیادہ تر اندازوں کے برعکس تیز رفتار سے پٹری پر لوٹ رہی ہے۔

