’’مسلمان شب برأت میں اپنے اپنے گھروں میں عبادت کریں‘‘

0

کانپور،6؍اپریل(زمینی سچ):شب برأت کی تاریخ نزدیک آتی جا رہی ہے اور اس وقت پوری دنیا وبائی مرض کورونا وائرس سے بچنے کیلئے تمام تر کوششیں کر رہی ہے۔ماہرین کے ذریعہ وائرس سے بچنے کیلئے سوشل ڈسٹنسنگ کولازمی قرار دیا جا چکاہے۔ کثیر تعداد میں لوگ ایک جگہ جمع نہ ہوں اس لئے پورے ملک میں لاک ڈاؤن کر دیاگیا ہے۔ بلا تفریق مذہب تمام عبادت گاہوں پر لوگوں کے جمع ہونے سے منع کیا جا چکا ہے۔ اس لئے تمام مسلمان شب برأت میں اپنے اپنے گھروں میں عبادت کریں اور وہیں سے ایصال ثواب کریں اور قبرستان ہرگز نہ جائیں اور مسجدوں سڑکوں پر بھیڑ نہ لگائیں۔ مذکورہ خیالات کا اظہار جمعیۃ علماء اتر پردیش کے صدر مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی قاضی شہر کانپور نے کرتے ہوئے کہا کہ امسال لاک ڈاؤن کے درمیان ہی شب برأت بھی آ رہی ہے۔ شب برأت کے روز مسلمان کثیر تعداد میں قبرستان جاکر قبروں کی زیارت کرکے اپنی آخرت کو یادتے ہیں اور دنیا سے چلے گئے اپنے رشتہ دار، دوست اور احباب کیلئے مغفرت اور بلندیٔ درجات کی دعاء مانگتے ہیں۔ مولانا نے کہا مذہب اسلام نے کسی بھی انسان کو خود کو ہلاکت میں ڈالنے سے منع کیا ہے۔ بھیڑ میں اس وائرس کے پھیلنے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے اس لئے احتیاط کے طور پر امسال تمام مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ شب برأت کے روز اپنے گھروں میں ہی رہ کر دنیا سے چلے گئے اپنے عزیز رشتہ داروں، متعلقین ، دوست و احباب کے لئے ایصال ثواب کریں ۔ اپنے گناہوں کی معافی کے ساتھ ساتھ اپنے ملک ہندوستان ،پوری دنیااورتمام مخلوقات کیلئے کورونا اور اس کے جیسی تمام وبائی امراض سے نجات کیلئے اللہ سے خصوصی دعاء مانگیں ۔ شب برأت میںاللہ تعالیٰ اپنے تمام بندوں کی طرف خاص متوجہ ہوتا ہے۔ اس لئے اس دن اپنے گھروں میں رہ کر زیادہ سے زیادہ عبادت کرکے اللہ کو خوش اور راضی کریں ، کوئی ایسا کام نہ کریں جس سے اللہ ہم سے ناراض ہو جائے ۔ مولانا نے زور دے کر کہا کہ اس دن نہ مسجدوں میں جمع ہوں نہ قبرستان میں اور نہ ہی سڑکوں پر نکل کر مجمع لگائیں اس کو ضرور ی سمجھ کر اس پر ہر حال میں عمل کریں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here