عبداللہ اعظم کی پرچہ نامزدگی پر الیکشن کمیشن کی مہر، ماں کا پرچہ خارج

0

رامپور: اترپردیش اسمبلی انتخابات کے دوران دوسرے مرحلے کی ووٹنگ والی رامپور ضلع کی سوار سیٹ پر سماج وادی پارٹی(ایس پی) کے امیدوار عبداللہ اعظم خان کے پرچہ نامزدگی پر الیکشن کمیشن کی مہر لگ گئی۔ وہیں ان کی ماں ڈاکٹر تزئین فاطمہ کا پرچہ خارج ہوگیا ہے۔
الیکشن پروگرام کے مطابق ہفتہ کو الیکشن کمیشن کے ذریعہ دوسرے مرحلے کی سیٹوں پر کئے گئے پرچہ نامزدگی کی جانچ میں عبداللہ کاپرچہ صحیح پایا گیا۔ جبکہ ڈاکٹر فاطمہ کے پرچہ نامزدگی میں دو خامیوں کی وجہ سے خارج کردیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ ایس پی کے قدآوررہنما اعظم خان کے بیٹے عبداللہ اور بیوی تزئین فاطمہ نے سوار سیٹ سے پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا۔اس سیٹ سے سابقہ الیکشن جیتنے کے بعد عبداللہ کے دستاویزات کی صداقت پر چل ہی قانونی جنگ کی وجہ سے الیکشن میں ان کے پرچہ نامزدگی خارج ہونے کے شبہ میں ایس پی نے حکمت عملی کے تحت فاطمہ کا بھی پرچہ داخل کرایا تھا۔
عبداللہ کا پرچہ منظور کئے جانے کے بعد ان کے حامیوں میں خوشی کی لہر ہے۔ وہیں ڈاکٹر فاطمہ کے پرچے میں کالم نمبردو خالی چھوڑنے اور ایک ہی پارٹی سے دو پرچے داخل کئے جانے کی وجہ سے ان کا پرچہ خارج ہوگیا ہے۔
موصول اطلاع کے مطابق عبداللہ نے پرچہ نامزدگی میں اپنی وہی عمر لکھی ہے جو انہوں نے سال 2017 کے الیکشن میں اس سیٹ پر الیکشن لڑتے وقت لکھی تھی۔ گذشتہ الیکشن میں ان کے تصدیق نامہ سمیت دیگر دستاویزات کو چیلنج دیا گیا تھا۔ ایس پی کے ضلع صدر ویریندر گوئل نے بتایا کہ عبداللہ اعظم کا پرچہ منظور ہوگیا ہے اور یہ مخالفین کے منھ پر زور دار طمانچہ ہے۔ جو یہ مان کر بیٹھے تھے کہ عبداللہ اعظم کا پرچہ ضرور خارج ہوگا۔گوئل نے کہا کہ اس شبہ کی وجہ سے ہی مخالف الیکشن میں اپنی جیت کے لئے پرامید تھے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here