عبادت گاہوں با لخصوص مساجد کے بجلی بل معاف کئے جائیں

مہاراشٹر وزیر برائے اقلیتی امور سے مذہبی رہنمائوں کا مطالبہ

0

ممبئی:کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈائون کے نفاذ کے پیش نظر تمام عبادت گاہیں بند ہیں جس کی وجہ سے،ائمہ کرام، مؤذین کی تنخواہیں، مسجد کے تمام اخراجات بشمول بجلی بل کے کافی مسائل درپیش ہیں، چونکہ تمام مذہبی مقامات بالخصوص مساجد کے تمام اخراجات عوام الناس کے مختلف تعاون اور چندہ، جمعہ اور دیگر امدادی فنڈ سے پورے ہوتے ہیں، لاک ڈاؤن کے پیریڈ میں مسجدیں مقفل ہونے کے باعث اس سال نہ عید الفطر کا فنڈ ممکن ہو سکا، جمعہ کامستقل تعاون مہینوں سے بالکل بند ہے، عیدالفطر کا فنڈاور چرم قربانی سے ہونے والی آمدنی بھی ممکن نہیں ہے، اس لئے بھاری بھرکم بجلی بل جمع کرنا ذمہ داران مساجد کے لئے کافی دشوارترین مسئلہ بن چکا ہے، اسی حوالہ سے رابطہ ابنائے قدیم سنابل نئی دہلی ممبئی یونٹ کے صدر اور جامع مسجد اہل حدیث خیرانی روڈ، ساکی ناکہ کے امام وخطیب مولانا عاطف سنابلی کی قیادت میں ایک وفد کی شکل میں مولانا عمار رحمانی، مولانا خطیب احمد سراجی اور دیگر سماجی ودینی افراد نے مہاراشٹرا کے اوقاف اور اقلیتی امور کے وزیر جناب نواب ملک صاحب سے ملاقات کرکے ایک میمورنڈم دیا اور یہ اپیل کی کہ کم ازکم مارچ تا اگست ۲۰۲۰ تمام مذہبی مقامات بالخصوص مساجد کا بجلی بل معاف کیا جائے، حکومت مہاراشٹرا اس پر ضرور غور کرے، اسی طرح اس میمورنڈم کے ذریعہ اس بات کا بھی مطالبہ کیا گیا کہ مساجد کے بجلی بل میں مستقل طور پر تخفیف اور خصوصی رعایت پر کوئی منصوبہ بنایاجائے جس سے مساجد کے اخراجات کا بوجھ کم ہوسکے.جس پر وزیر نواب ملک صاحب نے میمورنڈم کو قبول کرتے ہوئے متعلقہ محکمہٰ سے اس مسئلہ پر بات کرنے کی یقین دہانی کرائی .مولانا عاطف سنابلی نے بتایا کہ اسی موقع سے ایک خوشگوارماحول میں مہاراشٹرااسٹیٹ کے اوقاف سے متعلق مختلف امور پر بھی باہم تبادلہ خیال کیا گیا اور وقف بورڈ کو مزید فعال اورمنظم کرنے نیز اس میں مفید اصلاحات پر بھی گفتگو ہوئی …مہاجاب پورٹل کے افتتاح اور شروعات سے متعلق نواب ملک صاحب نے بتایا کہ اس سے نوجوانوں بالخصوص اقلیتی نوجوانوں کو روزگارکے مواقع دستیاب ہوں گے اور ہمارے زیادہ سے زیادہ نوجوان اس میں سیٹ ہوسکیں گے. انہوں نے سماجی اور میدان تعلیم سے متعلق شخصیات سے اپیل کی کہ نوجوانوں میں فکرمندی اور احساس ذمہ داری کا جذبہ پیداکرتے ہوئے انہیں آگے لائیں، ان کی کاؤنسلنگ کا کام سبھی لوگ مل کر کریں .اسی موقع سے مولانا عاطف سنابلی اور وفد کی طرف سے جناب نواب ملک صاحب کی خدمت میں لاک ڈاؤن پیریڈ میں ان کی زبردست سماجی اور انسانی خدمات پر شکروامتنان کا مومنٹو بھی پیش کیا گیا.

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here