بہرائچ:اترپردیش کے ضلع بہرائچ کے پیاگ پور علاقے میں پیر کی علی الصبح بہرائچ۔گونڈہ نیشنل ہائی قومی شاہراہ پر خوفناک سڑک حادثے میں گاڑی سوار پانچ افراد کی موت ہوگئی جبکہ 11شدید طور سے زخمی ہوگئے۔
سپرنٹندنٹ آف پولیس ڈاکٹر وپن کمار مشرا نے بتایا کہ علی الصبح ساڑھے پانچ بجے سکئی پوروا چورہا کے تحت لال پور گرام سبھا کے نزدیک یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب بہار کے سیوان سے پنجاب کے انبالہ جارہی فورس کروج گاڑی سڑک کنارے کھڑے ٹرک سے ٹکر ا گئی۔اس حادثے میں گاڑی سوار سبھی 16مزدور شدید طور سے زخمی ہوگئے اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچی پولیس نے زخمیوں کو باہر نکالا اور کمیونٹی ہیلتھ سنٹر پیاگ پور میں داخل کرایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے دو افراد کو مردہ قرار دے دیا جبکہ تین افراد کی دوران علاج موت ہوگئی۔دیگر 11زخمیوں کا علاج سی ایچ سی پیاگ پور اور ضلع اسپتال بہرائچ میں چل رہا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ مہلوکین میں جتندر گری باشندہ لال گڑھ ضلع سیوان بہرائچ،پون کمار باشندہ سلیہا ضلع گونڈہ یوپی،سنجے پرساد باشندہ بریا ضلع گوپال گنج بہار،کنچن رام باشندہ میڑوار جاما بازار سیوان بہار، بسنت پرساد باشندہ میگھوار تھانہ جامو بازار سیوا بہار شامل ہیں۔
