ڈھاکہ:بنگلہ دیش کے مذہبی امور کے وزیر مملکت شیخ محمد عبداللہ کا کورونا وائرس کے انفیکشن کی وجہ سے ہفتہ دیر رات انتقال ہو گیا۔وہ 74 سال کے تھے۔ مذہبی امور کی وزارت کے ترجمان محمد انور حسین نے مسٹر عبداللہ کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کی تھی۔ مسٹر عبداللہ کو ان کے بیلی روڈ پر واقع گھر میں کل رات قریب 22.30 بجے دل کا دورہ پڑا جس کے بعد انہیں ڈھاکہ کے فوجی ہسپتال لے جایا گیا جہاں علاج کے دوران ان کا انتقال ہو گیا۔ مسٹر عبداللہ کے پرائیویٹ سیکرٹری کھانڈیکر یاسر عرفات کے مطابق انہیں دل کا دورہ پڑا تھا۔مسٹر حسین نے بتایا کہ وزیر کے جسد خاکی کو گوپال گنج لے جایا جائے گا، جہاں انہیں سپردخاک کیا جائے گا۔مسٹر عبداللہ نے گوپال گنج -3 حلقہ میں وزیر اعظم شیخ حسینہ کے پارلیمانی نمائندے کے طور پر کئی بار کام کرنے کے بعد 2018 کے انتخابات کے بعد وزیر مملکت کے طور پر مذہبی امور کی وزارت کا عہدہ سنبھالا۔صدر محمد عبدالحمید اور وزیر اعظم حسینہ نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔آٹھ ستمبر 1945 کو گوپال گنج کے کیکنیا میں پیدا ہونے والے عبداللہ شیخ محمد مطیع الرحمن اور رابعہ خاتون کے سات بچوں میں تیسرے تھے۔انہوں نے 1966 میں کھلنا کے اعظم خان کالج سے تعلیم حاصل کی اور بنگلہ دیش کی آزادی کے بعد ڈھاکہ یونیورسٹی سے ایمکام اور ایم اے کی ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے ایل ایل بی کی ڈگری بھی لی تھی۔

