دفعہ 370 قصہ پارینہ بن چکی ہے، کبھی لوٹ کر نہیں آئے گی: جتیندر سنگھ

0

جموں:وزیر اعظم دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ جموں وکشمیر کو خصوصی پوزیشن عطا کرنے والی آئین ہند کی دفعہ 370 قصہ پارینہ بن چکی ہے اور کبھی لوٹ کر نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 کو ذہن سے نکالنے کے علاوہ جموں کو کشمیر کی عینک سے دیکھنے کی عادت ترک کرنے کی ضرورت ہے۔اتوار کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے جموں کی جن سمواد ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر کا کہنا تھا: دفعہ 370 چلی گئی ہے۔ وہ کبھی لوٹ کر واپس نہیں آئے گی۔ لیکن مہربانی کر کے اپنے ذہن سے 370 کو اکھاڑ کر پھینک دیجئے اور جموں کو کشمیر کی عینک سے دیکھنے کی عادت بھی چھوڑ دیجئے۔ اگر آپ جموں کو جموں کی عینک سے دیکھیں گے تو آپ کو معلوم ہوجائے گا کہ جموں بدلنے لگا ہے۔موصوف نے کہا کہ ہمارے مخالفین کا کہنا تھا کہ دفعہ 370 ہٹائے جانے پر زلزلے آئیں گے اور آتش فشاں پہاڑ پھٹیں گے لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس کے بعد جو تہوار کا موسم گزرا وہ گذشتہ تین دہائیوں کی عسکریت پسندی میں سب سے پرامن تھا۔ان کا مزید کہنا تھا: اس دوران دیوالی، ہولی، عید آئی اور محرم بھی آیا۔ اس دوران یوم آزادی اور یوم جمہوریہ جیسی اہم تقریبیں آئیں لیکن کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ڈاکٹر جتیندر نے کانگریس پارٹی سے کہا کہ کیا وہ آج یہ کہنے کے لئے تیار ہے کہ اقتدار میں واپس آنے پر وہ دفعہ 370 دوبارہ لوگو کرے گی۔ان کا کہنا تھا: میں کانگریس سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا وہ آج یہ کہنے کے لئے تیار ہیں کہ اگر وہ کبھی اقتدار میں واپس آئے، جس کی مجھے امید نظر نہیں آتی، تو وہ دفعہ 370 واپس لاگو کریں گے۔ان کا مزید کہنا تھا: میں کانگریس سے یہ بھی پوچھنا چاہتا ہوں کہ آپ نے ڈاکٹر من موہن سنگھ جی کو وزیر اعظم کی کرسی پر بٹھایا جو پاکستان سے آئے ہوئے ایک رفیوجی تھے لیکن کیونکر جموں میں رہنے والے پاکستانی رفیوجیوں کو 70 برستوں تک اپنے حقوق سے محروم رکھا۔جتیندر سنگھ نے جموں وکشمیر کی علاقائی جماعتوں نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کا نام لئے بغیر کہا: وہ پارٹیاں جو اٹانومی اور سیلف رول کی باتیں کرتی تھیں ان سے تو پوچھے کوئی کہ آپ نے پنجایت کو کیونکر با اختیار نہیں بنایا تھا۔ پہلی بار جموں وکشمیر میں اس سال بی ڈی سی کے انتخابات ہوئے ہیں۔
انہوں نے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں کشمیری پنڈت سرپنچ کی ہلاکت پر کہا: ابھی کچھ ہی دن پہلے ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ ہمارے ایک کشمیری پنڈت سرپنچ کو قتل کیا گیا۔ بی جے پی پہلے سے ہی کشمیر پنڈت برادری کے ساتھ کھڑا رہی ہے لیکن کانگریس سیاست کرنے میں مصروف ہے۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ جموں والوں کی شکایت کو دور کرتے ہوئے گذشتہ ایک برس میں کشمیر سے زیادہ پیسہ جموں میں مختلف ترقیاتی کاموں پر صرف کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا: ‘جہاں تک وکاس کا تعلق ہے اکثر یہ شکایت ہوتی تھی کہ سب کچھ کشمیر کو جارہا ہے۔ جموں کو اس کا حصہ نہیں ملتا۔ آج اعداد وشمار پیش کرکے یہ بتایا جاسکتا ہے کہ پچھلے ایک سال کے دوران جتنا کشمیر کو ملا اتنا ہی جموں کو ملا ہے بلکہ جہاں جہاں ضرورت تھی جموں کو کشمیر سے زیادہ ملا۔انہوں نے کہا: مثال کے طور پر پی ایم جی ایس وائی سکیم کے تحت اگر مرکزی حکومت نے سڑکوں کے لئے 2500 کروڑ روپے کی رقم دی تو اس میں سے 1500 کروڑ روپے جموں کے حصے میں آئے۔ مرکزی حکومت نے دو ایمز دیے۔ جموں کے ایمز پر کام جاری ہے اور بہت جلد ڈائریکٹر کی تعیناتی بھی عمل میں لائی جائے گی لیکن کشمیر میں ابھی کام بھی شروع نہیں ہوا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا: مرکزی حکومت نے کشمیر اور جموں کو دو بائیو ٹیک پارک دیے۔ جموں کا بائیو ٹیک پارک تیار ہوچکا ہے لیکن کشمیر میں تو ابھی اس کا سنگ بنیاد بھی نہیں رکھا گیا ہے۔ دفعہ 370 جانے کے بعد جموں وکشمیر میں جو انویسٹرز سمٹ ہونے جارہا ہے وہ بھی جموں میں ہونے جارہا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here