راجستھان میں بی جے پی کی حکومت آنے پر اب تک جو گھوٹالے ہوئے ہیں ان کی جانچ ہوگی:وزیراعظم مودی

0

جھنجھنو: وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس کو بدعنوانی کی ماں قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ راجستھان میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت بننے کے بعد اب تک جتنے بھی گھوٹالے ہوئے ہیں ان کی جانچ کی جائے گی اور قصورواروں کو سزا ملے گی۔
مسٹر مودی جھنجھنو میں بی جے پی امیدوار کی حمایت میں ایک جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت خود کو جادوگر کہتے ہیں اور انہوں نے اپنی جادوگری سے ریاست میں کرپشن کا ایسا مایا جال پھیلایا ہے، جس سے ریاست کے سارے لوگ پریشان نظر آرہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ راجستھان حکومت کی سرپرستی میں بھرتی کے امتحانی پرچے کا لیک ہونا عام ہو گیا ہے۔ یہاں پر پیپر لیک کرنے میں بڑے سیاسی لیڈروں کا تحفظ تھا۔ جس بڑے بڑے کوچنگ اداروں پر چھاپے مارے گئے تو وزیر اعلیٰ کے قریبی لوگوں کے نام سامنے آئے۔
مسٹرمودی نے کہا کہ کانگریس کرپشن کی ماں ہے۔ جہاں جہاں کانگریس کی حکومت ہوگی وہاں وہاں بدعنوانی اپنے عروج پر ہوگی۔ مرکز میں کانگریس کی حکومت نے 10 سال تک بڑے پیمانے پر بدعنوانی کی۔ ہماری پارٹی کی حکومت بننے کے بعد ہم نے کانگریس کی طرف سے شروع کی گئی بدعنوانی کے گندے نالوں کی صفائی شروع کر دی ہے اور آج ملک میں عام لوگوں کے بینک کھاتوں میں پیسہ براہ راست منتقل ہو رہا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے عوام سے ہاتھ اٹھاکر بی جے پی کے تمام امیدواروں کو جتوانے کی اپیل بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ انسان دوستی کی روایت شیخاوٹی کی فطرت میں ہے، یہاں کے لوگ جو کماتے ہیں اسے سماج کو واپس بھی کرتے ہیں۔ آج ملک بھی شیخاوٹی کی اس روایت کو اپنا رہا ہے۔ انہوں نے راجستھان کے پہلے اور ملک کے دوسرے پرم ویر چکر کے فاتح حوالدار میجر پیرو سنگھ شیخاوت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شیخاوٹی سمیت ملک کے بہادر سپاہیوں کی وجہ سے ہی ہندوستان کی سرحدوں کی حفاظت ہورہی ہے۔ یہاں کے بہادر سپاہی ملکی سرحدوں کی حفاظت میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے۔ جب یہاں کے فوجی سرحدی علاقے کی حفاظت کرتے ہیں تو اہل وطن سکون کی نیند سوتے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سابق فوجیوں کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے ون رینک ون پنشن کے مطالبے کو پورا کرتے ہوئے سابق فوجیوں کو بہت بڑا ریلیف فراہم کیا ہے جو گزشتہ 40 سالوں سے زیر التوا تھا۔ اب تک، بی جے پی حکومت کی طرف سے ون رینک ون پنشن اسکیم کے تحت سابق فوجیوں کو تقریباً 90 ہزار کروڑ روپے ادا کیے جا چکے ہیں۔ مرکزی حکومت مستقبل میں بھی فوجیوں کے ساتھ ہے اور ان کے تمام مسائل کو حل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
مسٹرمودی نے کہا کہ شیخاوٹی کا جھنجھنو ضلع کسانوں اور صنعت کاروں کا ضلع ہے۔ اسی ضلع کے کسان کے گھر میں پیدا ہونے والے مسٹرجگدیپ دھنکھڑ آج ملک کے نائب صدر بن گئے ہیں، جو پورے ملک کے لیے فخر کی بات ہے۔ ہماری حکومت نے مسٹر دھنکھر جیسے کسان بیٹے کو نائب صدر کے عہدے پر بیٹھا کر ملک کے کسانوں کو عزت بخشی ہے۔ کانگریس پارٹی نے تو مسٹر دھنکھڑ کونائب صدر بننے کی بھی سخت مخالفت کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ یہی نہیں کانگریس پارٹی کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت بھی مسٹر دھنکھڑ کے راجستھان آنے کی مخالفت کر رہے ہیں جس سے ان کی چھوٹی ذہنیت کی عکاسی ہوتی ہے۔ راجستھان کا کوئی بھی شخص اپنے گاؤں یا رشتہ داروں کے پاس کہیں بھی جا سکتا ہے تو مسٹر دھنکڑ نائب صدر بننے کے بعد کیوں نہیں جا سکتے؟
وزیر اعظم نے کہا، “آپ ملک میں جہاں کہیں بھی جائیں، آپ کو ہر جگہ جھنجھنو کے لوگ ملیں گے۔ دیوالی کے موقع پر جب میں فوجیوں کے ساتھ سرحد پر دیوالی منانے کے لیے گیا تو وہاں بھی جھنجھنو ضلع کے بہت سے فوجیوں نے مجھ سے مل کر خوشی محسوس کی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے ملک کے لوگوں کو مفت راشن کی ضمانت دی ہے۔ ہم نے ملک کے 80 کروڑ لوگوں کو مفت راشن کی مدت کو پانچ سال تک بڑھا دیا ہے۔ تاکہ ان کے گھر کا چولہا باقاعدگی سے جل سکے۔ بی جے پی کی مرکزی حکومت نے ملک کے تمام کمزور لوگوں کو پکا مکان فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ ہم ملک کے ہر گھرتک نل سے پانی پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج راجستھان میں ڈیزل اور پٹرول گجرات، اتر پردیش اور ہریانہ کے مقابلے میں تقریباً 12 روپے مہنگا ہے۔ راجستھان میں بی جے پی کی حکومت بنتے ہی پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں پر نظرثانی کی جائے گی اور ان کے نرخوں کو برابر کیا جائے گا۔ جس سے ریاست کے تمام لوگوں کو فائدہ پہنچے گا۔ اس سے پہلے جب وزیر اعظم جھنجھنو ہوائی پٹی پر پہنچے تو مرکزی وزیر قانون ارجن رام میگھوال، جھنجھنو کے ایم پی اور منڈاوا سے بی جے پی کے امیدوار نریندر کمار کھیچڑ سمیت ضلع میں پارٹی کے ساتوں امیدواروں اور پارٹی عہدیداروں نے ان کا استقبال کیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here