نئی دہلی: کنفیڈریشن آف نیوز پیپرز اینڈ نیوز ایجنسی ایمپلائز آرگنائزیشن نے جولائی میں پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران ورکنگ جرنلسٹس ایکٹ کی بحالی، جرنلسٹ پروٹیکشن ایکٹ بنانے، میڈیا اداروں میں صحافیوں اور غیر صحافیوں کی غیر قانونی چھٹنی کے خلاف مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ فیصلہ دہلی میں منعقدہ کنفیڈریشن کی سالانہ جنرل میٹنگ میں کیا گیا۔ نیشنل یونین آف جرنلسٹس (انڈیا)، انڈین جرنلسٹس یونین، انڈین فیڈریشن آف ورکنگ جرنلسٹس، آل انڈیا فیڈریشن آف پی ٹی آئی ایمپلائز یونین، یو این آئی ورکرز یونین، آل انڈیا نیوز پیپر ایمپلائیز فیڈریشن، نیشنل فیڈریشن آف نیوز پیپر ایمپلائز اور دی ٹریبیون ایمپلائز یونین چندی گڑھ کے نمائندوں نے حصہ لیکر میڈیا کے نمائندوں کے مطالبات پر ملک گیر تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا۔
کنفیڈریشن کے جنرل سکریٹری ایم ایس یادو نے بتایا کہ دہلی کے ہوٹل سمراٹ میں منعقدہ جنرل باڈی میٹنگ میں این یو جے کے صدر راس بہاری کو صدر اور دی ٹریبیون ایمپلائز یونین کے صدر انیل گپتا کو کنفیڈریشن کا نائب صدر منتخب کیا گیا۔ کنفیڈریشن کے نو منتخب صدر راس بہاری کی زیر صدارت جنرل باڈی کے اجلاس میں صحافیوں اور غیر صحافیوں کے تمام مسائل پر غور کیا گیا۔ میٹنگ میں این یو جے آئی کے جنرل سکریٹری پردیپ تیواری، آئی ایف ڈبلیو جے کے صدر ملکارجن، جنرل سکریٹری پرمانند پانڈے، آئی جے یو کے صدر سرینواس ریڈی، جنرل سکریٹری بلوندر جموں، پی ٹی آئی فیڈریشن کے بھون چوبے، یو این آئی یونین کے ایم ایل جوشی، ٹریبیون ایمپلائز یونین کے صدر انیل کمار گپتا، اے آئی ائب ای ایف، این ایف این ای کے عہدیداروں نے شرکت کی۔
مسٹر یادو نے کہا کہ کنفیڈریشن سے وابستہ تمام قومی میڈیا تنظیموں نے متفقہ طور پر میڈیا والوں کے مطالبات پر ملک گیر احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارلیمنٹ پر مظاہرہ کر کے صدر اور وزیر اعظم کو یادداشتیں دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک گیر مہم کے تحت ریاستوں کے گورنروں، وزرائے اعلیٰ اور ممبران پارلیمنٹ کو میمورنڈم دے کر میڈیا والوں کے مطالبات کی طرف توجہ مبذول کرائی جائے گی۔ تمام تنظیموں کے عہدیداران اور نمائندے ریاستوں میں اپنے اپنے علاقوں کے ممبران پارلیمنٹ اور عوامی نمائندوں کو اپنے مطالبات کے حوالے سے میمورنڈم سونپیں گے۔
مسٹر یادو نے بتایا کہ دہلی میں پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے احتجاج اور مظاہرے کی تاریخ کا فیصلہ کنفیڈریشن کی ایگزیکٹو میٹنگ میں کیا جائے گا۔ مظاہرے سے پہلے پورے ملک میں میڈیا والوں کے مطالبات کے حوالہ سے ریاستوں میں کانفرنسیں اور سیمینار منعقد کیے جائیں گے۔

