لکھنؤ:26مارچ(زمینی سچ) سماج وادی پارٹی(ایس پی)کے کارکنوں و ذمہ داران نے لاک ڈاؤن سے پریشان غریبوں وضرورت مندوں کے درمیان ضروری اشیاء تقسیم کئے۔پارٹی ترجمان نے جمعرات کو بتایا کہ گاؤں،قصبوں اور شہروں میں پارٹی کارکنان مناسب دوری بنائے رہنے کے اصولوں پر پوری طرح سے عمل کرتے ہوئے ضرورت مندوں کے درمیاں راحت رسانی کی اشیاء تقسیم کررہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ نیشنل ہائی ویز اور دو شہروں کو جوڑنے والی سڑکوں پر خصوصی طور سے ضروری اشیاء تقسیم کی جارہی ہیں کیونکہ لاک ڈاؤن کے بعد کسی دوسرے شہر میں پھنسے سینکڑوں افراد پیدل ہی اپنے۔اپنے گاؤں کے لئے سفر کرنے پر مجبورہیں۔انہوں نے بتایا کہ پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے سبھی اضلاع کے سربراہان اور پارٹی ذمہ داروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں غریبوں،بےسہارا اور متأثرہ افراد کی ہر ممکن مدد کرائیں اور کارکنوں کو بھی اس مہم میں شامل کریں۔
