نریندر مودی 22؍دسمبر کو اے ایم یو کی صدی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے

0

علی گڑھ:(زمینی سچ):وزیر اعظم نریندر مودی جی آئندہ 22؍دسمبر کو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی صدی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ وہ آن لائن طریقہ سے پروگرام میں شریک ہوں گے ۔ آن لائن تقریب میں مرکزی وزیر تعلیم شری رمیش پوکھریال نشنک بھی شرکت کریں گے۔
وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کہاکہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی وزیر اعظم ہند اور وزیر تعلیم کی شکرگزار ہے کہ انھوں نے ہماری دعوت کو قبول کیا جس سے ملک اور دنیا بھر میں پھیلی اے ایم یو برادری میں اہم پیغام جائے گا۔ انھوں نے کہا ’’صدی سال کسی بھی یونیورسٹی کی تاریخ کا یادگار سال ہوتا ہے اور اپنے عظیم ادارے کے سو سال مکمل ہونے کی خوشی میں ہونے والے پروگراموں میں ہم نے صدر جمہوریہ، وزیر اعظم، وزیر تعلیم اور وزیر اقلیتی امور سمیت نامور ہستیوں اور نمایاں ترین سابق طلبہ کو مدعو کیا ہے۔ صدی سال کے دیگر پروگرام میں صدر جمہوریہ کی شرکت بھی متوقع ہے‘‘۔
پروفیسر منصور نے یونیورسٹی کے طلبہ، عملہ کے اراکین، سابق طلبہ اور بہی خواہوں سے اپیل کی کہ وہ آن لائن پروگراموں میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شریک ہوں اور ساتھ ہی صدی پروگراموں کو سیاست سے بالاتر رکھیں جس طرح کہ یوم جمہوریہ و یوم آزادی کی تقریبات، عید میلاد النبیؐ کے جلسہ اور گاندھی جینتی کو اختلافات سے بالاتر رکھا جاتا ہے۔
پروفیسر طارق منصور نے کہا ’’اس تاریخی سال میں سبھی حلقوں تک رسائی سے یونیورسٹی کی ترقی اور پبلک و پرائیویٹ سیکٹر میںہمارے طلبہ کے لئے ملازمتوں میں یقیناً مدد ملے گی‘‘۔ وائس چانسلر نے کہاکہ صدی سال کی مناسبت سے اے ایم یو ، اس کے مختلف اداروں اور طلبائے قدیم کے تنظیموں کی جانب سے منعقد کئے جانے والے زیادہ تر پروگرام کووِڈ 19 کے باعث آن لائن طریقہ سے ہورہے ہیں۔ انھوں نے پروگراموں کی کامیابی میں سبھی حلقوں سے یونیورسٹی انتظامیہ کا تعاون کرنے کی اپیل کی۔
دریں اثناء یونیورسٹی کی مرکزی عمارات ایڈمنسٹریٹیو بلاک، سینٹینری گیٹ، انجینئرنگ کالج، پالی ٹیکنک، موریسن کورٹ روڈ، وکٹوریہ گیٹ، یونیورسٹی مسجد، اسٹریچی ہال، سرسید ہاؤس پر 17، اور 18 ؍دسمبر کی شام روشنی کی جائے گی۔
قابل ذکر ہے کہ محمدن اینگلو اورینٹل کالج یکم دسمبر 1920 ء کو گزٹ نوٹیفیکیشن کے ساتھ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں تبدیل ہوااور 17؍دسمبر کو اس وقت کے وائس چانسلر مسٹر محمد علی محمد خان راجہ آف محمودآباد کے بدست یونیورسٹی کا افتتاح عمل میں آیا۔
اعلیٰ تعلیم کے ممتاز ادارے کے طور پر اے ایم یو نے ملک کو دو بھارت رتن سرحدی گاندھی خان عبدالغفار اور ڈاکٹر ذاکر حسین کی شکل میں دئے ہیں۔ علم کے مختلف شعبوں میں اے ایم یو کی خدمات بے مثال ہیںاور اس کے متعدد طلبہ اور اساتذہ کو پدم ایوارڈوں، صدر جمہوریہ ایوارڈ، گیان پیٹھ، سرسوتی سمّان، ساہتیہ اکادمی ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ اے ایم یو کے سائنس شعبوں کے متعدد اساتذہ انڈین نیشنل سائنس اکیڈمی کے فیلو رہے ہیں اور انھیں شانتی سروپ بھٹناگر ایوارڈ سمیت متعدد اعزازات سے نوازا جاچکا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here