
ممبئی: ملک کے مشہور ومعروف دینی، تکنیکی اور رفاہی اداہ جامعہ اسلامیہ خیرالعلوم ( خیر ٹیکنیکل سوسائٹی) ڈومریاگنج اور اس کے تمام ذیلی اداروں کے بانی ڈاکٹر عبدالباری خان صاحب کا آج لکھنؤ میں علی الصبح انتقال ہوگیا،
ممبی کے ساکی ناکہ علاقے میں واقع جامع مسجد اہل حدیث خیرانی روڈ کے امام وخطیب مولانا عاطف سنابلی نے ان کے انتقال کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ آپ ملک وملت کے ایک عظیم ہمدرد شخصیت تھے، آپ کی پوری زندگی حرکت وعمل سے تعبیرہے ، آپ نے اپنی مجاہدانہ سرگرمیوں اور کوششوں سے نہ صرف متحدہ گونڈہ بستی بلکہ لکھنؤ سے لیکر پورے مشرقی اترپردیش میں تعلیمی، دینی اور اور تکنیکی اداروں کا ایک جال بچھا دیا، تعلیم وتربیت،دعوت واصلاح، خدمت خلق اور رفاہ عامہ کے میدان میں آپ کی خدمات جلیلہ انتہائی قابل قدروتحسین ہیں، ڈاکٹرعبدالباری صاحب نے اپنی بے مثال محنتوں ، جہد پیہم سے ملک وملت اور جماعت وجمعیت کو بہت فیض پہنچایا،
مولانا عاطف سنابلی نے مزید کہا کہ ڈاکٹر صاحب کا شمار معماران قوم میں ہوتاہے، آپ قوم وملت کی نسل نو کی تعمیر وترقی اور ان کےخوشحال وروشن مستقبل کے لئے کافی فکرمند تھے، آپ نے درماندہ ملت کو تعمیر وترقی اورعزت ووقار کی زندگی گذارنے کے گُر سے آگاہ کیا، ڈاکٹر صاحب نے ڈومریاگنج میں جامعہ اسلامیہ خیرالعلوم کی شکل میں توحیدوسنت اور تعلیم ودعوت کا ایک چراغ روشن کیا جس سے آج پوری قوم اور پورا ملک فیضیاب ومستفیض ہورہاہے، بچوں کے لئے جامعہ اسلامیہ خیرالعلوم ڈومریاگنج، بچیوں کے لئے کلیة الطیبات (عربی نسواں کالج )، خیر ٹیکنیکل سنٹر،خیرانٹرکالج،خیر گرلس انٹر کالج، یتیم خانہ وغیرہ جیسے کئی ایک ادرے قائم کئے،آپ کےقائم کردہ کئی ایک ادارے پورے ملک بھر میں سرگرم عمل ہیں اور ملک وملت کی خدمت کا کام انجام دے رہے ہیں،
آپ کی تعلیمی خدمات اور تعلیمی اداروں میں دینی وعصری علوم کا ایک حسین اور بہترین امتزاج نظر آتا ہے،
آپ مرکزی وصوبائی جمعیت اہل حدیث کے ایک سرگرم اور مؤقر رکن تھے،اپنے علاقے کے برادران وطن اور دیگر مسالک ومکاتب فکر کے لوگوں کے ساتھ اچھے اور انتہائی بہترین مراسم اور خوشگوار تعلقات تھے، علاقے کی تمام سیاسی ، سماجی اور سرکردہ شخصیات اور سبھی لوگ ڈاکٹرصاحب کو قدرو احترام اور عزت ووقار کی نگاہ سے دیکھتے تھے،

