عدالت عظمیٰ ضمانت کے لئے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی کی شرط کا جائزہ لے گی

0
Supreme Court of India

نئی دہلی: عدالت عظمی اس اہم معاملے پر غور کرے گی کہ کیا کسی شخص کو ضمانت کی شرائط کے تحت سوشل میڈیا کے استعمال سے روکا جاسکتا ہے؟چیف جسٹس شرد اروند بوبڑے، جسٹس آر سبھاش ریڈی اور جسٹس اے ایس بوپنا پر مشتمل ڈویژن بنچ نے سچن چودھری کی درخواست کو سماعت کے لیے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس اہم نکتہ پر غور کرے گی کہ آیا ضمانت کی شرطوں میں سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی کو شامل کیا جاسکتا ہے؟ خاص طور پر جب اس شخص کے خلاف سوشل میڈیا کے غلط استعمال کا کوئی الزام نہ ہو۔عدالت عظمی نے اس سلسلے میں مرکزی حکومت اور اترپردیش حکومت کو بھی نوٹس جاری کیا۔ درخواست گزار نے ضمانت پر اس طرح کی شرطیں لگائے جانے کو عدالت عظمی میں چیلنج کیا ہے۔
واضح ر ہے کہ درخواست گزار کو الہ آباد ہائی کورٹ نے ملک سے بغاوت کے مقدمہ میں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔ لیکن ان کی ضمانت کی شرطوں میں سے ایک شرط یہ بھی لگائی گئي ہے کہ ضمانت پر باہر رہنے کے دوران اور مقدمے کی سماعت مکمل ہونے تک وہ سوشل میڈیا کا استعمال نہیں کریں گے۔
سماعت کے دوران جسٹس بوبڑے نے کہا کہ “ہمیں اس میں کوئی برائی نظر نہیں آتی ہے۔ اگر کوئی شخص سوشل میڈیا کے ذریعہ پریشانی پیدا کرتا ہے تو پھر عدالت ایسے ‘انسٹرومینٹ کے استعمال پر پابندی کیوں نہیں لگا سکتی”۔سینئر وکیل اور سابق وزیر قانون سلمان خورشید نے سچن چودھری کی طرف سے پیش ہوکر دلیل دی کہ ان کے مؤکل کے خلاف سوشل میڈیا کے غلط استعمال سے متعلق کوئی الزام نہیں ہے، اس کے باوجود ایسی شرط عائد کی گئی ہے۔اس پر عدالت عظمی نے کہا کہ وہ اس نکتے کی عدالتی تشریح کے بعد فیصلہ سنائے گی۔ دریں اثنا مرکزی اور اترپردیش حکومت کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔سچن چودھری نے اترپردیش کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کے کورونا وائرس کی عالمی وبا سے نمٹنے کےطریقے پر سوال کھڑے کیے تھے، جس کے بعد ریاستی حکومت نے ان کے خلاف ملک سے بغاوت کا مقدمہ درج کیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here