حج کے لیے بیرونی عازمین کی آمد پر پابندی

0

ریاض:سعودی عرب نے اس سال کورونا وائرس کی عالمی وَبا کے پیش نظر محدود پیمانے پر مناسک حج ادا کرنے کا اعلان کیاہے۔
سعودی وزارت خارجہ کے ایک اعلامیے کے مطابق اس مرتبہ ذی الحجہ کے مہینے میں محدود پیمانے پر مقامی شہریوں کو حج بیت اللہ میں شرکت کرنے کا موقع ملے گا۔ان میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ان شہریوں کو بھی فریضہ حج ادا کرنے کی اجازت ہوگی جو سعودی عرب میں مقیم ہیں۔ اس کے علاوہ، اس بار کورونا کی عالمی وبا کو روکنے کے مد نظر سالانہ حج پر آنے والے غیر ملکی عازمین کی آمد روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزارت حج و عمرہ نے اس بات پر زوردیا ہے کہ مملکت نے ہمیشہ عازمین حج اور عمرہ کی سلامتی اور تحفظ کو اولین ترجیح دی ہے۔اس فیصلے کا مقصد یہ ہے کہ کورونا وائرس کی وَبا سے کسی عازم حج کو کسی قسم کا کوئی نقصان نہ پہنچے۔
سعودی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ” کورونا وائرس کی وَبا، ازدحام اور بڑے اجتماعات میں اس کے پھیلنے کے امکان، دیگرممالک میں اس کی منتقلی اور عالمی سطح پر اس کے متاثرین کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس مرتبہ حج بہت محدود پیمانے پر ادا ہوگا اور سعودی عرب میں پہلے سے مقیم مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے لوگ ہی حج کی سعادت حاصل کرسکیں گے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں خلیجی ممالک کے سب سے زیادہ کورونا وائرس کے معاملے ہیں۔ اب تک یہاں 161000 افراد متاثر ہوچکے ہیں اور روزانہ اوسطا 3000 نئے معاملے سامنے آرہے ہیں۔ سعودی عرب نے کورونا وائرس کی وَبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مارچ کے اوائل میں اپنی سرحدیں بند کردی تھیں، فضائی سروس معطل کردی تھی اور اس سے قبل 27 فروری کو عمرے کی ادائیگی پر پابندی عائد کردی تھی۔ اب وہ بتدریج ان بندشوں کو ختم کررہا ہے اور سرکاری اور نجی دفاتر کھول دیے گئے ہیں۔
سعودی حکومت نے اسی ہفتے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے عاید بہت سی پابندیوں کو ختم کردیا ہے اور مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم سمیت تمام مساجد میں فرزندان توحید کو پنج وقتہ نماز ادا کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here