یوپی حکومت نے 12 گھنٹے کام کرنے کے نوٹیفکیشن کو واپس لیا

0

لکھنؤ:اپوزیشن پارٹیوں اور مزدور یونین کی جانب سے سخت تنقیدوں کا سامنا کرنے کے بعد اترپردیش حکومت نے مزدوروں سے ایک دن میں 12 گھنٹے کام لینے کا حکم دینے والے نوٹیفکیشن کو واپس لے لیا ہے۔ریاستی حکومت نے یہ فیصلہ الہ آبادہائی کورٹ کی جانب سے جواب طلب کئے جانے کے بعد کیا ہے۔اس ضمن میں باضابطہ سماعت 18 مئی کو متوقع ہے۔ریاستی حکومت نے ایک ہفتے قبل لیبر قوانین میں ترمیم کرتے ہوئے اس کی اکثر شقوں کو تین سال کے لئے ملتوی کردیا تھا اور نیا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے مزدوروں کو 12 گھنٹے کام کرنے کا حکم دیا تھا۔ریاستی حکومت کے اس ضمن میں 12 گھنٹے کی نوٹیفکیشن واپس لینے کے بعد اب مزدور یوپی کی فیکٹریوں میں 8 گھنٹے ہی کام کریں گے۔ریاستی پرنسپل سکریٹری(مزدور) سریش چندرا نے یوپی حکومت کے اس فیصلے کے بارے میں الہ آبا دہائی کورٹ کو باخبر کیا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ لیبر کے 8مئی کے نوٹیفکیشن کو واپس لے لیا گیا ہے اور 15 مئی کو نیا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔متنازع نوٹیفکیشن کے مطابق نوجوان مزدوروں سے ایک دن میں 12 گھنٹے کام لینے کی اجازت ہوگی لیکن ایک ہفتے میں کام کی زیادہ سے زیادہ مدت 72 گھنٹے کی ہوگی۔لیکن اب اس نوٹیفکیشن کو واپس لینے کے بعد مزدور کو ایک دن میں 8 گھنٹے اور ہفتے میں 48 گھنٹے کام کرنے ہوں گے۔اس سے قبل اپوزیشن سیاسی جماعتوں اور مزدور یونیونوں بشمول آر ایس ایس کے ماتحت چلنے والی بھارتیہ مزدور سنگھ نے یوپی حکومت کے نوٹیفکیشن کی مخالفت کی تھی جس میں مزدوروں کو 12 گھنٹے کام کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔ریاستی حکومت لاک ڈاؤن کی وجہ سے پیدا بحران اور اس سے باہر نکلنے کے دعوی کے نام پر پہلے ہی لیبر قوانین میں انڈسٹریز کو متعدد راحتیں فراہم کرچکی ہے۔اترپردیش حکومت انڈسٹریوں کے لئے مزدوروں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے 8 مئی کو لیبر قوانین کے اکثر شقوں کو تین سالوں کے لئے ملتوی کردیاتھا۔ریاستی حکومت نے کورونا بحران کے دوران ریاست میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور کمپنیوں کی سرمایہ کاری کی جانب مائل کرنے کے لئے ریاست میں لیبر قوانین کے اکثر شقوں کو ملتوی کرنے کے لئے ایک آرڈیننس کو منظوری دی تھی۔آرڈیننس کے مطابق لیبر قوانین کے 38 شقوں کو معطل کردیا تھا اور صرف 4 قوانین کو ہی جاری رکھا تھا ۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here