نئی دہلی:بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی)کے لیڈر اور امروہہ سے لوک سبھا رکن پارلیمنٹ کنور دانش علی نے مرکزی حکومت پر کسانوں کو ان کا پورا حق نہ دینے کا الزام لگاتے ہوئے منگل کو کہا کہ حکومت کسانوں کو نظر انداز کررہی ہے جو بہت دکھ کی بات ہے۔مسٹر علی نے ایک بیان جاری کرکے کہا کہ یون تو پورا ملک ہی کورونا کی عالمی وبا کی وجہ سے لاک ڈاؤن کی مار جھیل رہا ہے جس کی وجہ سے سبھی شعبوں کو اقتصادی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لیکن کسان کی کمائی کا واحد ذریعہ کھیتی ہوتی ہے اور وہ بھی اس بحران سے دور نہیں ہے۔اس بحران کے وقت بھی حکومت کسانوں کے حقوق پر توجہ نہیں دے رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی منشا کا اندازہ ان اعدادو شمار سے لگایا جاسکتا ہے کہ بی جے پی حکومت نے کسانوں کے حقوق کے نام پر الیکشن کے وقت پی ایم کسان سمان نیدھی کی شروعات کی تھی لیکن مستفید ہونے والے کسانوں کی تعداد مسلسل کم ہوتی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ان کے لوک سبھا حلقے امروہہ ضل عمیں دو لاکھ 35ہزار 913کسان رجسٹرڈ ہیں اور ان میں سے صرف ایک لاکھ 65ہزار 359کسانوں کو پہلے مرحلے میں فائدہ پہنچاتھا۔دوسرے مرحلے میں ایک لاکھ 21ہزار 303کسانوں کو ،تیسرے مرحلے میں 44ہزار 346،چوتھے مرحلے میں 88ہزار 430کو اور اب پانچویں مرحلے تک گھٹ کر یہ تعداد 79ہزار 758 تک پہنچ گئی ہے۔
بی ایس پی رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ یہ صرف امروہہ ضلع کی ہی مثال ہے۔آپ ملک کے باقی حصوں میں پی ایم کسان سمان نیدھی کی حالت کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔کسانوں کے حقوق کی ہمیشہ کی حکومت کے ذریعہ ان دیکھی کی جارہی ہے جو بڑے دکھ کی بات ہے۔انہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ ملک کے سبھی کسانوں کو ان کا پورا حق ملے یہاں تک کہ انہیں لاک ڈاؤن میں ہوئے نقصان کےلئے الگ سے سبسڈی دی جائےجس سے وہ اس بحران سے باہر آسکیں۔

